فیکٹ چیک: کیا تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے محمد اظہرالدین کو نظرانداز کیا، جانئے پوری حقیقت
تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے محمد اظہرالدین کے سلام کو نظر انداز کرکے ان کی توہین کی۔ تحقیق سے پتہ چلا کہ وائرل ویڈیو کو ایڈیٹ کیا گیا ہے
جوبلی ہلز کے ضمنی انتخاب کیلئے 11 نومبر کو ہونے والی پولنگ سے قبل برسراقتدار کانگریس اور اپوزیشن بی آر ایس کے بیچ کانٹے کا مقابلہ دیکھا جارہا ہے۔ ایک جانب، بی آر ایس کے قائدین کے ٹی راما راو اور ٹی ہریش راو، کانگریس حکومت کا دو سال کا رپورٹ کارڈ دکھا کر ووٹروں کو اپنی طرف راغب کرنے کی کوشش کررہے ہیں تو دوسری جانب، وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی رائے دہندگان کو یہ واضح کررہے ہیں کہ ان کا ووٹ خطے کی ترقی کیلئے ہوگا کیوں کہ بی آر ایس اقتدار میں نہیں ہے اور بغیر فنڈس کے انکے حلقہ کی ترقی ناگزیر ہے۔
اسی سیاسی گہما گہمی کے دوران، سوشل میڈیا پر کانگریس کی سیاسی ریلی کا ویڈیو شئیر کرتے ہوئے دعویٰ کیا جارہا ہیکہ وزیر اعلیٰ نے اسٹیج پر موجود اقلیتی لیڈر محمد اظہرالدین کے سلام کا جواب نہ دیکر انکی توہین کی ہے۔ یہ بھی کہا جارہا ہیکہ اس سے اقلیتوں کے تئیں ریونت ریڈی کا ناروا سلوک ظاہر ہوتا ہے۔
وائرل پوسٹ کا لنک یہاں اور اسکرین شاٹ نیچے ملاحظہ کریں۔
فیکَٹ چیک:
تلگو پوسٹ کی فیکَٹ چیک ٹیم نے اپنی جانچ پڑتال میں وائرل پوسٹ میں وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کی جانب سے اظہرالدین کو نظرانداز کئے جانے کے دعوے کو فرضی پایا۔
چند روز قبل، اظہرالدین نے کانگریس حکومت میں کابینی وزیر کی حیثیت سے حلف لیا تھا۔ ریاستی کابینہ میں انکی شمولیت پر اپوزیشن کی جانب سے کانگریس کو ہدف تنقید بنایا گیا۔ اپوزیشن پارٹیوں نے الزام عائد کیا کہ مسلم اکثریتی جوبلی ہلز حلقہ کے ووٹروں کو متاثر کرنے کیلئے برسراقتدار پارٹی نے یہ اقدام کیا ہے۔
حلف برداری کے چند دن بعد سوشل میڈیا پر یہ دعویٰ کیا جانے لگا کہ عوامی جلسہ میں وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کی جانب سے اظہرالدین کے تئیں سرد مہری کا مظاہرہ کیا ہے۔ اگر ایسا ہوتا تو یہ معاملہ ملک کے تمام چھوٹے بڑے میڈیا اداروں کی نیوز کی سرخی بن جاتا لیکن ہمیں میڈیا میں ایسی کوئی رپورٹ نہیں ملی۔
ہم نے 2 نومبر کے اردو اخبارات کابھی جائزہ لیا لیکن ہمیں وزیر اعلیٰ کی جانب سے اظہرالدین کو مبینہ طور پر نظر انداز کئے جانے کی کوئی خبر نہیں ملی۔
وائرل ویڈیو ایکس پلیٹ فارم پر 2 نومبر کو اپلوڈ کیا گیا ہے۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر مہیش کمار گوڈ، کابینی وزیر اظہرالدین اور جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے کانگریسی امیدوار نوین یادو کے ہمراہ وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے یکم نومبر یعنی ہفتہ کے روز بورا بنڈہ میں ایک کارنر میٹنگ سے خطاب کیا تھا۔ وائرل ویڈیو کی تصویریں، کانگریس کے اجلاس سے میل کھاتی ہیں۔ اس سے واضح ہوگیا کہ اظہر الدین کی توہین کا مبینہ معاملہ بورابنڈہ اجلاس میں ہوا تھا۔
اس جانکاری کی مدد سے جب ہم نے گوگل سرچ کیا تو ہمیں V6 تلگو نیوز کے یوٹیوب چینل پر 'بورابنڈہ میں سی ایم ریونت کی مہم' کے تھمب نیل کے ساتھ لائیو نشریات کا ویڈیو ملا۔ اس ویڈیو میں 33.35 ٹائم اسٹامپ کے بعد اظہرالدین کو وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کو حیدرآبادی انداز میں سلام کرتے اور وزیر اعلیٰ کو انکے سلام کا جواب دیتے اور گرمجوشی سے مصافحہ کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
کانگریس کی کارنر میٹنگ کو دیگر میڈیا نے بھی کوریج دی ہے۔ BIG TV Telugu کے یوٹیوب چینل پر اس پروگرام کو لائیو نشر کیا گیا تھا۔ اظہرالدین کی وزیر اعلیٰ کے ساتھ سلام مصافحہ کا ویڈیو 2.50 کے بعد سے ٹائم اسٹامپ پر دیکھا جاسکتا ہے۔
وزیر اعلیٰ کے آفیشئل ایکس اکاونٹ پر بھی بورابنڈہ کارنر میٹنگ کی لائیو نشریات کا ویڈیو دستیاب ہے۔ اس ویڈیو میں 3.30 کے بعد سے ریونت ریڈی کی اظہرالدین کے ساتھ ملاقات دیکھی جاسکتی ہے۔
تحقیق سے یہ واضح ہوگیا کہ وائرل پوسٹ میں شامل ویڈیو کے ساتھ چھیڑچھاڑ کی گئی ہے۔ بورابنڈہ عوامی جلسہ میں وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے اظہرالدین سے گرمجوشی سے ملاقات کی۔ لہذا، وائرل پوسٹ میں کیا گیا دعویٰ فرضی پایا گیا۔