فیکٹ چیک: حیدرآباد میں میسی نے ہندوستانی آئین کی کاپی نہیں دکھائی، وائرل تصویر ڈجیٹل طور پر ترمیم شدہ ہے
وائرل تصویر میں لایونل میسی کو گراونڈ میں مداحوں کو ہندوستانی آئین کی کاپی دکھاتے ہوئے دکھایا گیا، مگر تحقیق سے ثابت ہوا کہ یہ تصویر ترمیم شدہ ہے۔ اصل تصویر میں وہ صرف مداحوں کا شکریہ ادا کررہے تھے
معروف عالمی فٹبال کھلاڑی لایونل میسی کی بھارتی کرکٹر کلدیپ یادو کے ساتھ لی گئی تصویر سوشل میڈیا پلیٹ فارمس پر ٹرینڈ کررہی ہے، کیوں کہ اس تصویر میں ارجینٹینا کے فٹ بالر کو بھارتی کرکٹ ٹیم کی جرسی پہنے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کاونسل کے چئیرمن جے شاہ نے میسی کو یہ جرسی ان کے GOAT انڈیا ٹور 2025 کے دوران تحفے میں دی تھی۔ کرکٹ کے شائقین میسی کی اس تصویر کو کافی پسند کررہے ہیں۔
اس بیچ، ایکس پلیٹ فارم پر لایونل میسی کی ایک اور تصویر [آرکائیو] خوب وائرل ہورہی ہے۔ اس تصویر میں انہیں بھارت کے آئین کی ایک سرخ، پاکیٹ سائز کاپی کو اسٹیڈیم میں جمع مداحوں کو دکھاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ اس تصویر کو وائرل کرتے ہوئے سوشل میڈیا صارفین نے دعویٰ کیا کہ "میسی نے کل رات ایک اثردار پیغام دیا۔"
وائرل پوسٹ کا لنک یہاں اور آرکائیو لنک یہاں ملاحظہ کریں۔
وائرل پوسٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیکھیں۔
فیکٹ چیک:
تلگو پوسٹ کی فیکٹ چیک ٹیم وائرل پوسٹ کی تصویر اور دعوے کی جانچ پڑتال میں پایا کہ یہ لایونل میسی نے اپنے بھارت کے دورے کے دوران میدان میں آئین کی کوئی کاپی نہیں دکھائی۔ چند سوشل میڈیا صارفین حیدرآباد اسٹیڈیم میں میسی کے پروگرام کی تصویر کے ساتھ ڈجیٹل طور پر چھیڑ چھاڑ کرکے اسے گمراہ کن دعوے کے ساتھ پھیلارہے ہیں۔
سب سے پہلے ہم نے گوگل کے ریورس امیج سرچ ٹول کی مدد سے وائرل پوسٹ میں شامل میسی کی تصویر کی حقیقی تصویر ڈھونڈنے کی کوشش کی۔ جو نتائج ملے اس میں ہمیں انسٹاگرام کا 14 دسمبر کا ایک پوسٹ ملا جس میں حیدرآباد میں میسی کے پروگرام کی کئی تصویریں شامل ہیں۔ تصویر نمبر 10 میں میسی کو میدان میں جمع اپنے فیانس کو ہاتھ اٹھاکر انکی محبت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
اس جانکاری کی مدد سے جب ہم نے اپنی تحقیق کا دائرہ بڑھایا تو ہمیں 'ہندوستان ٹائمز' کا 15 دسمبر کا مضمون ملا جس میں ایک مختلف خبر کے ساتھ لایونل میسی کی تصویر شامل کی گئی ہے اور اسکے کیپشن میں یہ تحریر پائی گئی۔ "ارجنٹینا کے فٹبالر لایونل میسی نے ہفتے کے روز حیدرآباد میں راجیو گاندھی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں اپنے "جی او اے ٹی انڈیا ٹور 2025" کے دوران مداحوں کی محبت کا اعتراف کیا۔" اسکے ساتھ یہ بھی کہا گیا کہ یہ تصویر تلنگانہ کے وزیر اعلیِٰ ریونت ریڈی کے ایکس اکاونٹ سے حاصل کی گئی ہے۔
تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ نے میسی کے ساتھ اپنے گیم سے متعلق کچھ یادگار تصویروں کو اپنے ایکس اکاونٹ پر 14 دسمبر کی صبح شئیر کیا جس میں معروف فٹبالر کی وائرل تصویر بھی شامل ہے۔
یہاں وائرل پوسٹ کی تصویراور حقیقی تصویر کا موازنہ ملاحظہ کریں۔
تحقیق سے واضح ہوگیا کہ لایونل میسی نے اپنے حیدرآباد کے ٹور کے دوران اوپل اسٹیڈیم میں ہندوستانی آئین کی کوئی کاپی دکھاکر کوئی سیاسی پیغام نہیں دیا۔ میسی نے والہانہ فینس کی محبت سے متاثر ہوتے ہوئے اپنا ہاتھ اٹھاکر ان کا اعتراف کیا۔ تاہم، کچھ صارفین اس تصویر میں ترمیم کرکے اسے فرضی دعوے کےساتھ شئیر کررہے ہیں۔ لہذا، وائرل پوسٹ میں کیا گیا دعویٰ گمراہ کن پایا گیا۔