فیکٹ چیک: راہول گاندھی کا نیپال میں نجی تقریب میں شرکت کا پرانا ویڈیو اڈانی کی سالگرہ میں موجودگی کے گمراہ کن دعوے کے ساتھ وائرل
راہول گاندھی کا 2022 میں نیپال میں ایک نجی شادی کی تقریب کے دوران نائیٹ کلب میں پارٹی کا ویڈیو معروف صنعت کار گوتم اڈانی کی سالگرہ کی تقریب سے جوڑ کر سوشل میڈیا پر گمراہ کن دعویٰ کے ساتھ شئیر کیا جارہا ہے
حالیہ دنوں میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمس پر راہول گاندھی کی تصویر والے سینیٹری پیڈ کا ایک ویڈیو وائرل ہو رہا ہے۔ کانگریس نے اس ویڈیو کے پھیلاو پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ویڈیو جعلی ہے۔ پارٹی کے مطابق، بہار میں "پریدرشنی اُڑان یوجنا" کے تحت خواتین میں صحت سے متعلق شعور بیدار کرنے کے لیے ایسے پیڈ تقسیم کیے جا رہے ہیں جن کے کور پر راہول گاندھی کی تصویر ہے۔
کانگریس کی رہنما سپریہ شرینیت نے بتایا کہ اس ویڈیو کے حوالے سے ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ، "راہول گاندھی کی تصویر کا استعمال کر کے جعلی ویڈیو بنانے کے معاملے میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ اس میں ملوث دیگر افراد کے خلاف بھی کارروائی کی جا رہی ہے۔"
اس درمیان راہول گاندھی کا کسی پارٹی کا ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا جارہا ہیکہ کانگریس لیڈر 24 جون کو معروف صنعت کار گوتم اڈانی کی سالگرہ کی تقریب میں شریک ہوئے تھے۔
وائرل پوسٹ کا لنک یہاں اور آرکائیو لنک یہاں ملاحظہ کریں۔
وائرل پوسٹ کا اسکرین شاٹ یہاں دیکھیں۔
فیکٹ چیک: تلگو پوسٹ کی فیکٹ چیک ٹیم نے وائرل پوسٹ میں شامل ویڈیو کی جانچ پڑتال کے بعد پایا کہ یہ ویڈیو دراصل 2022 میں نیپال کے شہر کھٹمنڈو میں ایک پرائیویٹ پارٹی راہول گاندھی کی شرکت کا ہے، اور اس پرانے ویڈیو کو اڈانی کی سالگرہ سے جوڑکر گمراہ کن دعوے کے ساتھ دوبارہ شئیر کیا جارہا ہے۔
وائرل ویڈیو کی جانچ پڑتال کا آغاز کرتے ہوئے سب سے پہلے ہم نے اسکے کلیدی فریمس اخذ کئے اور انہیں گوگل ریورس امیج سرچ ٹول کی مدد سے تلاش کیا تو ہمیں کئی ایک ویڈیوس اور سوشل میڈیا لنکس ملے۔ ان نتائج میں بی جے پی کی آئی ٹی سیل کے انچارج امیت مالویہ کی 3 مئی 2022 کا ٹوئیٹ بھی شامل ہے۔
ٹوئیٹ میں وائرل ویڈیو کو شئیر کرتے ہوئے بی جے پی نے اپنے کیپشن میں لکھا: "راہول گاندھی ایسے وقت ایک نائٹ کلب میں نظر آئے جب ممبئی محاصرے میں تھا۔ وہ اس وقت بھی نائٹ کلب میں ہیں جب اُن کی پارٹی بحران کا شکار ہے۔ وہ مستقل مزاج لیڈر ہیں۔"
اس جانکاری کی مدد سے گوگل سرچ کرنے پر ہمیں 'این ڈی ٹی وی' کی نیوز رپورٹ ملی جس میں بتایا گیا ہیکہ "راہول گاندھی کی نیپال کے کٹھمنڈو میں دوست کی شادی کی تقریب میں شرکت پر بی جے پی کی تنقید پر کانگریس نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ "کسی کی شادی میں جانا کوئی جرم تو نہیں"
کانگریس کے ترجمان رندیپ سرجے والا نے ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "راہول گاندھی بن بلائے مہمان کی طرح پاکستان نہیں گئے جیسا کہ وزیر اعظم نریندر مودی گئے تھے نواز شریف کے ساتھ کیک کاٹنے کیلئے اور ہمیں معلوم ہے کہ پٹھان کوٹ میں کیا ہوا تھا۔"
'انڈیا ٹوڈے' کے مطابق، کانگریس لیڈر راہول گاندھی کٹھمنڈو اپنے نیپالی دوست، سمنیما اداس کی شادی میں شرکت کیلئے گئے تھے۔ ان کے نیپال دورے کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔ ویڈیو میں راہول گاندھی کو مبینہ طور پر 'لارڈ آف دی ڈرنکس' نامی نائٹ کلب میں دیکھا جا سکتا ہے۔
اداس دہلی میں سی این این انٹرنیشنل کی نمائندہ ہیں۔انہوں نے 'دہلی گینگ ریپ' کیس پر بھی رپورٹ کیا تھا۔ اداس نے 2014 کے بھارتی عام انتخابات، اور ایک بھارتی سفارتکار کی گرفتاری کے بعد بھارت اور امریکہ کے درمیان پیدا ہونے والے سفارتی تنازعے پر بھی رپورٹنگ کی تھی۔