فیکٹ چیک: کرناٹک کے وزیر کا پرانا ویڈیو گمراہ کن دعوے کے ساتھ شیئر کرکے تاثر دیا جارہا ہیکہ کانگریس انتخابی دھاندلی کرکے الیکشن جیتا کرتی تھی

کرناٹک کے وزیر کا پرانا ویڈیو گمراہ کن دعوے کے ساتھ شیئر کیا جا رہا ہے، جس میں یہ تاثر دیا گیا ہے کہ بیلٹ باکس کے دور میں کانگریس انتخابی دھاندلی کرتی تھی جبکہ تحقیق سے پتہ چلا کہ انہوں نے ماضی میں بیلٹ باکس کے غلط استعمال پر اظہار خیال کیا تھا۔

Update: 2025-08-08 05:37 GMT

لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے الیکشن کمیشن کو سخت ہدف تنقید بناتے ہوئے الزام عائد کیا کہ 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہے اور ساتھ میں یہ بھی دعویٰ کیا کہ کانگریس کو شبہ ہے کہ 70 سے 100 کے درمیان نشستوں میں 'دھوکے بازی' سے کام لیا گیا۔

گذشتہ انتخابات میں بی جے پی نے 543 میں سے 240 نشستیں جبکہ کانگریس نے 99 پر کامیابی حاصل کی تھی۔ کانگریس لیڈر نے الزام لگایا کہ "بھارت میں انتخابی نظام پہلے ہی مر چکا ہے" اور کہا کہ ان کے پاس اپنے دعوے کے حق میں "100 فیصد ثبوت" موجود ہے۔ تفصیلات بتائے بغیر، گاندھی نے کہا کہ کرناٹک کے ایک حلقے میں "6.5 لاکھ ووٹروں نے ووٹ ڈالا، جن میں سے 1.5 لاکھ جعلی تھے"۔

اس دوران، سوشل میڈیا پر کرناٹک کے وزیر داخلہ پرمیشور کا ایک ویڈیو وائرل کرتے ہوئے دعویٰ کیا جارہا ہیکہ کانگریس لیڈر نے ایک عوامی جلسہ سے خطاب کے دوران انکشاف کیا کہ "ہم ای وی ایمز سے پہلے صرف دھاندلی کر کے ہی الیکشن جیتا کرتے تھے۔ اور دوسری جانب، راہول گاندھی کرناٹک میں ووٹنگ کے حقوق کی لڑائی لڑرہے ہیں۔"

وائرل پوسٹ کا لنک یہاں اور آرکائیو لنک یہاں ملاحظہ کریں۔

وائرل پوسٹ کا اسکرین شاٹ یہاں دیکھیں۔



فیکٹ چیک:

تلگو پوسٹ کی فیکٹ چیک ٹیم نے جب وائرل پوسٹ میں کئے گئے دعوے کی جانچ پڑتال کی تو پایا کہ یہ ویڈیو 2024 کے عام انتخابات کے دوران کانگریس لیڈر پرمیشور کی دی گئی تقریر کا ہے جسے موجودہ سیاسی حالات کے پیش نظر گمراہ کن دعوے کے ساتھ دوبارہ شئیر کیا جارہا ہے۔

سب سے پہلے ہم نے وائرل ویڈیو کے ایک کلیدی فریم کی مدد سے گوگل ریورس امیج سرچ کیا تو ہمیں کئ ایک سوشل میڈیا پوسٹس اور مضامین کے لنکس ملے۔

'انڈیا ٹوڈے' کی ویب سائیٹ پر 20 اپریل 2024 کو شائع کردہ مضمون میں وائرل ویڈیو کی تصویر شامل کرتے ہوئے رپورٹ کیا گیا کہ، "کرناٹک کے وزیر داخلہ جی پرمیشور نے ایک متنازعہ بیان دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینز (EVMs) کے استعال سے قبل پولنگ کے دوران انتخابی بدعنوانیاں عام بات تھی، اور اس وقت بیلٹ پیپر کے ذریعے جعلی ووٹ ڈالے جاتے تھے۔ اسی کے ساتھ ریاستی وزیر نے وضاحت کی کہ ان کا مطلب یہ نہیں تھا کہ ان کی پارٹی، کانگریس، ان بدعنوانیوں میں ملوث تھی۔"

ایک عوامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کانگریسی وزیر نے کہا: "پہلے انتخابات میں بیلٹ پیپر کے ذریعے ووٹ ڈالے جاتے تھے۔ اس کا کیا مطلب ہے؟ اس وقت ای وی ایم نہیں تھے، صرف بیلٹ پیپر ہوتے تھے۔ ایک یا دو لوگ سارے بیلٹ ووٹ ڈال سکتے تھے۔"

پرمیشور نے مزید کہا کہ انہیں آج بھی یاد ہے کہ ان کے گاؤں میں "ایک یا دو لوگ سب کے ووٹ ڈالتے تھے، اور پھر باقیوں کو [گھر] بھیج دیا جاتا تھا۔"

کرناٹک کے وزیر نے آگے یہ بھی کہا کہ "اُس وقت پولنگ بوتھ پر قبضے کئے جاتے تھے، اور جن ڈبوں میں ووٹ ڈالے جاتے تھے، وہ اٹھا کر لے جائے جاتے تھے۔ اسی لئے ای وی ایمز متعارف کروائی گئیں۔ اب یہ الزامات ہیں کہ ای وی ایمز میں بھی بے ضابطگیاں پائی جاتی ہیں۔"



 کرناٹک کے وزیر پرمیشور کے پرانے بیان پر بی جے پی لیڈروں کی جانب سے انہیں اور کانگریس پارٹی کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ 'ایشیا نیٹ نیوز کننڑ' ویب سائیٹ کے مطابق، کرناٹک کے ریاستی وزیر داخلہ پرمیشور کا گذشتہ جنرل الیکشن کے دوران ٹمکور میں 'پولنگ کے دوران بدعنوانی' کا بیان دوبارہ وائرل کیا جارہا ہے۔ اس رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہیکہ راہول گاندھی کے کرناٹک میں حالیہ دورے کے دوران ای وی ایم مشین میں شفافیت کو لیکر چلائی جارہی مہم کے ضمن میں پرمیشور کا پرانا ویڈیو وائرل کیا جارہا ہے۔



 


'انڈیا ٹوڈے' کے ٹی وی چینل نے بھی رپورٹ کیا کہ راہول گاندھی کے حالیہ بنگلورو دورے سے قبل پرمیشور کے پرانے ویڈیو پر کرناٹک میں کانگریس کو اپوشین کی تنقید کا سامنا درپیش ہے۔ راہول گاندھی نے الیکشن کمیشن اور بی جے پی کے درمیان گٹھ جوڑ کا الزام لگاتے ہوئے پانچ طریقوں سے ووٹوں کی چوری کا دعویٰ کیا ہے جس میں جعلی ووٹرس، غلط اور ناقابلِ تصدیق پتے، ایک ہی پتے پر بڑی تعداد میں ووٹرس، غلط تصاویر، اور فارم 6 کا غلط استعمال شامل ہیں۔

Full View

تحقیق اور میڈیا رپورٹس کی روشنی میں یہ واضح ہوگیا کہ کرناٹک کے وزیر پرمیشور نے عام انتخابات کے دوران بیلٹ پیپر بنام ای وی ایم کے پس منظر میں کہا تھا کہ بیلٹ پیپر کے زمانے میں دھاندلی کی جاسکتی تھی لیکن ای وی ایم مشین سے امکان نہیں لیکن اب سننے اور دیکھنے میں آرہا ہیکہ مشین بھی دھاندلی کا شکار بن سکتی ہے۔ لہذا، وائرل ویڈیو میں کیا گیا دعویٰ گمراہ کن پایا گیا۔
Claim :  کرناٹک کے وزیر داخلہ جی پرمیشور نے عوامی جلسے میں اعتراف کیا کہ کانگریس پارٹی ماضی میں انتخابات میں دھاندلی کر کے جیتا کرتی تھی
Claimed By :  Social media users
Fact Check :  Unknown
Tags:    

Similar News