فیکٹ چیک: کمبھ میلے کی وائرل لڑکی مونالیسہ کی موت کی فرضی خبر ہورہی ہے وائرل
ان دنوں میڈیا میں کمبھ میلے کی وائرل لڑکی مونالیسہ کے چرچے ہورہے ہیں۔ اس بیچ سوشل میڈیا پر من گھڑت دعوے کئے جارہے ہیں کہ ہارٹ اٹیک سے انکی موت ہوگئی ہے۔
پریاگ راج میں جاری کمبھ میلے میں رود رکش مالے بیچنے والی سولہ سالہ مونا لیسہ بھونسلے راتوں رات سوشل میڈیا کی زینت بن گئی۔ ایک سوشل میڈیا کنٹنٹ کرئیٹر نے اس لڑکی کی تصویر کھینچ کر سوشل میڈیا پر شئیر کی جس کے بعد وہ پورے بھارت میں مشہور ہوگئی اور ہر کوئی اسکی خوبصورت اور دلکش آنکھوں کی تعریف کرنے لگا۔
ایک دن میں اتنی شہرت کے بعد مونا لیسہ کا کمبھ میلے میں رہنا محال ہوگیا اور وہ مدھیہ پردیش کے کھڑگون ضلع کے اپنے گاوں مہیشور چلی گئی۔ ایکس پر اسکے 20 ہزار سے زائد اور انسٹاگرام پر 40 ہزار سے ذائد فالوورس بن گئے۔ اس بیچ، 'غزنوی' اور 'سری نگر' جیسی فلمیں بنانے والے فلمکار سنوج مشرا نے اعلان کردیا کہ مونا لیسہ انکی اگلی فلم 'دی ڈائیری آف منی پور' کی ہیروئین ہوگی۔
اسی دوران، مونا لیسہ کی کچھ ڈیپ فیک یعنی ترمیم شدہ تصاویر انٹرنیٹ پر وائرل ہونے لگیں۔ سوشل میڈیا پر دستیاب ماڈلس کی تصویروں کا چہرہ مونا لیسہ کے چہرے سے بدل کر انہیں وائرل کیا گیا
اس بیچ، سوشل میڈیا پر مونا لیسہ کی تصویر شئیر کرتے ہوئے دعویٰ کیا جارہا ہیکہ اب وہ اس دنیا میں نہیں رہی۔ کچھ نے دل کا دورہ پڑنے اور کچھ نے انکے قتل کئے جانے کے دعوے کئے ہیں۔
وائرل پوسٹ کے لنک کیلئے یہاں اور آرکائیو لنک کیلئے یہاں کلک کریں۔
وائرل پوسٹ کے دعوے کا اسکرین شاٹ ملاحظہ کریں۔
فیکٹ چیک:
تلگو پوسٹ کی فیکٹ چیک ٹیم نے اپنی جانچ پڑتال میں پایا کہ وائرل سوشل میڈیا پوسٹ میں مونا لیسہ کے تعلق سے کیا گیا دعویٰ من گھڑت ہے۔
ان دعووں میں کوئی سچائی نظر نہیں آتی کیوں کہ یہ افسوس ناک خبر تمام ٹی وی چینلوں پر دکھائی اور اخبارات میں شائع کی جاتی
وائرل پوسٹ میں مونا لیسہ کی جنوری 2025 میں موت ہونے کا تذکرہ ہے۔ جب ہم نے موزوں کیورڈس کی مدد سے گوگل سرچ کیا تو ہمیں 'اکنامک ٹائمس' کا 16 فروری کا آرٹیکل ملا جس میں بتایا گیا کہ مونا لیسا نے کیرلا جانے کیلئے پہلی بار فضائی سفر کیا۔ اس رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ انہوں نے ایک بزنس میان بوبی چیمنور کی دعوت پر کوزی کوڈ شہر میں ایک تشہری پروگرام میں شرکت کی۔
مونالیسہ کے انسٹاگرام اکاونٹ پر ہمیں ان کا ائِیرپورٹ پر اپنے گھر والوں سے جدا ہونے کا ویڈیو ملا۔ فلمکار سنوج مشرا بھی انکے ساتھ تھے۔
اس بیچ ، مونا لیسہ کی فلم کے ڈائریکٹر سنوج مشرا پر جیتندر سنگھ تیاگی نے الزام عائد کیا وہ "حد سے زیادہ شراب پیتا اور لڑکیوں کے ساتھ گندے کام بھی کروائے ہیں۔" فلمی بیٹ ویب سائیٹ نے ایک ویڈیو کا حوالہ دیکر یہ بھی لکھا کہ تیاگی نے مزید کہا " سنوج مشرا صرف شراب پیتا ہے۔ وہ ضرورت سے زیادہ شراب پیتا ہے۔ بعد میں، اسے لڑکیاں بھی چاہئے.اتر پردیش کی کئی لڑکیوں نے شکایت کی ہے کہ سنوج مشرا ہیروئن بنانے کے لیے انہیں ممبئی لے گیا۔ وہاں ان لڑکیوں سے غلط کام کروائے گئے۔ فلم بنانا تو دور کی بات ہے۔"
دوسری جانب، سنوج مشرا نے اپنے ایکس اکاونٹ پر مونا لیسہ کا ویڈیو شئیر کیا جس میں مونا لیسہ نے انکے ممبئی جانے کی افواہوں کو خارج کردیا اور اپنے گھروالوں کا تعارف کرواتے ہوئے کہا کہ وہ مدھیہ پردیش میں ہی ہے اور ایکٹنگ کلاسس سیکھ رہی ہے۔
انسٹاگرام پر اداکار مہیندر لودھی نے 'دی ڈائیری آف منی پور' کی ٹیم کی تصویر شئیر کی ہے جس میں مونا لیسہ ساتھی اداکاروں کے ساتھ کھڑی نظر آرہی ہیں۔
مذکورہ بالا رپورٹس اور ویڈیوز کی بنا پر یہ واضح ہوگیا کہ وائرل سوشل میڈیا پوسٹ میں مونا لیسہ کی موت کی خبر جھوٹی ہے۔ لہذا، وائرل پوسٹ میں کیا گیا دعویٰ من گھڑت پایا گیا۔