فیکٹ چیک: انڈونیشیا کے حالیہ زلزلے کے دعوے کے ساتھ وائرل فوٹیج دراصل فلپائن کا ہے
وائرل ویڈیو جسے انڈونیشیا کے حالیہ زلزلے کا بتایا جارہا ہے، گمراہ کن ہے۔ تلگو پوسٹ کی تحقیق سے پتہ چلا کہ یہ فوٹیج 2025 کے فلپائن کے زلزلے کا ہے جسے گمراہ کن دعوے کے ساتھ پھیلایا جارہا ہے۔
یکم اپریل کو انڈونیشیا کا ٹرنیٹ شہر 7.4 کی شدت کے زلزلے سے دہل گیا۔ ٹرنیٹ کے ساحل سے دور شمالی مالوکا سمندر میں آنے والے اس زلزلے میں کم از کم ایک شخص کے ہلاک ہونے کی خبر ہے۔ زلزلے کے فوری بعد حکام نے ساحلی علاقوں میں سونامی کی وارننگ جاری کی تھی جو بعد میں واپس لے لی گئی۔ زلزلے میں کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ملی، تاہم شدت کی وجہ سے کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا۔
امریکی جیولوجیکل سروے (USGS) کے مطابق جمعرات کے زلزلے کو ابتدائی طور پر 7.8 شدت کا قرار دیا گیا تھا۔ زلزلے کا مرکز ٹرنیٹ سے تقریباً 120 کلومیٹر دور انڈونیشیا کے شمالی مالوکو صوبے میں تھا۔ مقامی میڈیا کے مطابق، زلزلے کے نتیجے میں شمالی سولاویسی صوبے کے شہر منادو میں عمارت کے گرنے سے 70 سالہ خاتون ہلاک ہوگئی۔
اس درمیان سوشل میڈیا پر ایک ایک عمارت کے ہلنے سے اسکے اندر کی چیزوں کے گرنے کا ویڈیو وائرل ہورہا ہے اور اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے صارفین دعویٰ کررہے ہیں کہ یہ ویڈیو انڈونیشیا کے زلزلے کا ہے۔
ایکس پلیٹ فارم پر پوسٹ کئے گئے ویڈیو کو اب تک 12.5 ہزار سے زائد مرتبہ دیکھا اور درجنوں بار شیئر کیا گیا ہے۔ اس پوسٹ کے کیپشن کی تحریر ہے، " انڈونیشیا میں 7.8 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں دیکھیں کس طرح ایک عمارت شدید جھٹکوں سے لرز رہی ہے اور اشیاء زمین پر گرر ہی ہیں۔اس کے بعد ملیشیا اور فلپائن کے لئے سونامی کی وارننگ جاری کردی گئی۔"
وائرل پوسٹ کا لنک یہاں اور آرکائیو لنک یہاں ملاحظہ کریں۔ ایک اور دعویٰ اور آرکائیو لنک۔
وائرل پوسٹ کا اسکرین شاٹ مندرجہ ذیل ہے۔
فیکٹ چیک:
تلگو پوسٹ کی فیکٹ چیک ٹیم نے وائرل پوسٹ میں کئے گئے دعوے کی جانچ پڑتال میں پایا کہ یہ ویڈیو انڈونیشیا کے زلزلے کا نہیں بلکہ فلپائن کا ہے جسے گمراہ کن دعوے کے ساتھ پھیلایا جارہا ہے۔
تحقیق کا آغاز کرتے ہوئے ہم نے سب سے پہلے InVID َٹول کی مدد سے وائرل ویڈیو کے کلیدی فریمس اخذ کئے اور انہیں ایک ایک کرکے گوگل ریورس امیج سرچ ٹول کی مدد سے سرچ کیا تو ہمیں جو نتائج ملے ان میں 'ڈوماگیٹ ڈیلی نیوز' نامی فیس بک پیج پر اکتوبر 2025 کو اپلوڈ کیا گیا ایک ویڈیو ملا جو وائرل ویڈیو سے میل کھاتا ہے۔
فلپائن کے ڈوماگیٹ شہر کی خبریں دینے اس پیج پر اپلوڈ کردہ ویڈیو میں کیپشن میں لکھا گیا ہیکہ، " ڈاواؤ کیلئے دعا کریں۔ فیس بک پر شیئر کئے جانے والے ایک ویڈیو میں 7.6 شدت کے زلزلے کا فوٹیج دکھایا جا رہا ہے جو ڈاواؤ میں آیا تھا۔"
اس جانکاری کی مدد سے گوگل سرچ کرنے پر ہمیں 'ٹائمس ناو' کے نیوز پورٹل اور 'بزنس ٹوڈے' کے یوٹیوب چینل پر اکتوبر 2025 کا فلپائن کے زلزلے کی خبر ملی۔ ٹائمس ناو اس واقعے کو رپورٹ کرتے ہوئے لکھا کہ، " فلپائن کے علاقے منڈاناؤ میں 7.6 شدت کا زلزلہ آیا، جس کے بعد سونامی کی وارننگس جاری کی گئیں اور عوام میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ سوشل میڈیا پر شیئر کئے گئے ڈرامائی ویڈیوز میں زلزلے کے جھٹکوں کے نتیجے میں عمارتوں کو لرزتے، دفتروں میں افراتفری اور مریضوں کو اسپتالوں سے بھاگتے ہوئے دکھایا گیا۔"
'ساوتھ چائنا مارننگ پوسٹ' نے بھی فلپاین کے زلزلے کی رپورٹ دی ہے۔ اس مضمون میں بتایا گیا ہیکہ، "جنوبی فلپائن کے ایک ہی علاقے میں جمعہ کے روز چند گھنٹوں کے اندر دو طاقتور سمندری زلزلے محسوس کئے گئے۔ پہلا زلزلہ 7.4 شدت کا تھا جس میں کم از کم سات افراد ہلاک ہوئے۔ زلزلے کے نتیجے میں علاقے میں زمینی تودے کھسکنے کے واقعات پیش آئے اور دوسری جانب، مختصر مدتی سونامی کے خدشے کے باعث ساحلی علاقوں میں لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔"
"دوسرا زلزلہ ابتدائی طور پر 6.8 شدت کا تھا، جس کے بعد مقامی حکام نے خطے میں سونامی وارننگ جاری کردی۔ یہ زلزلہ فلپائن ٹرینچ نامی فالٹ لائن میں حرکت کے باعث پیش آیا تھا۔ فلپائن انسٹی ٹیوٹ آف سیسمولوجی اینڈ وولکینولوجی کے سربراہ تیریسیتو باکولکول کے مطابق یہ زلزلہ مانائے قصبے، صوبہ ڈاواؤ اورینٹل کے قریب 37 کلومیٹر (23 میل) کی گہرائی میں آیا تھا۔"
مندرجہ ذیل میں انڈونیشیا کے زلزلے کا ویڈیو شیئر کیا جارہا ہے۔ اس شمال مشرقی ملک میں پیش آنے والے شدید زلزلے میں عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے تاہم، ہمیں ابھی تک عمارتوں کے اندرونی مناظر کے ویڈیو سوشل میڈیا پر نہیں ملے۔
تحقیق اور میڈیا رپورٹس کی روشنی میں یہ واضح ہوگیا کہ انڈونیشیا کے حالیہ زلزلے کے نام سے گذشتہ سال فلپائن میں پیش آنے والے خوفناک زلزلے کا ویڈیو وائرل کیا جارہا ہے۔ لہذا، وائرل پوسٹ میں کیا گیا دعویٰ گمراہ کن پایا گیا۔