فیکٹ چیک: آر ایس ایس کی صد سالہ تقریب پر نیدرلینڈ حکومت کی جانب سے یادگاری ڈاکٹ ٹکٹ کے اجرا کا فرضی دعویٰ وائرل
نیدرلینڈ کی حکومت نے آر ایس ایس کے 100 سال مکمل ہونے پر اسکے اعزاز میں کوئی خصوصی ڈاکٹ ٹکٹ جاری نہیں کیا۔ سوشل میڈِیا پر وائرل اسٹامپس دراصل ایچ ایس ایس این ایل نے کسٹم اسٹامپ سروس کی مدد سے بنائے ہیں۔
بھارت میں ہندو قوم پرست تنظیم راشٹریہ سویم سیوک سنگھ [آر ایس ایس] کی صد سالہ سالگرہ کی تقریبات جاری ہیں۔ آر ایس ایس کے 100 سال مکمل ہونے پر حکومت ہند کی جانب سے خصوصی یادگاری سکے جاری کیے گئے۔
مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے بتایا کہ حکومت ہند نے راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کی 100ویں سالگرہ کے موقع پر خصوصی یادگاری سکے اور ڈاک ٹکٹ جاری کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان یادگاری اشیاء کا اجرا، آر ایس ایس کی ایک صدی کی خدمت، اتحاد اور لگن کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔
اس درمیان سوشل میڈیا پر بی جے پی کے آئی ٹی سیل کے صدر سمیت کئی سوشل میڈیا اکاونٹس پر اسی نوعیت کے یادگاری ڈاک ٹکٹ کو شئیر کرتے ہوئے دعویٰ کیا گیا کہ آر ایس ایس کے 100 سال مکمل ہونے پر یوروپی ملک نیدر لینڈس نے بھی بھارتی تنظیم کو سراہا ہے۔
'نیدر لینڈس کے یادگاری اسٹامپ' کو شئیر کرتے ہوئے امیت مالویہ نے ٹوئیٹ کیا۔ " نیدر لینڈس نے راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کی 100 سالہ تکمیل کے موقع پر یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کیا ہے۔ بھارت کی انتہائی بااثر سماجی تنظیم کے لئے بین الاقوامی سطح پر یہ ایک اعزاز ہے۔ "
وائرل پوسٹ کا لنک یہاں اور آرکائیو لنک یہاں دیکھیں۔
وائرل پوسٹ کا اسکرین شاٹ نیچے ملاحظہ کریں۔
فیکٹ چیک:
تلگو پوسٹ کی فیکٹ چیک ٹیم نے وائرل پوسٹ میں کئے گئے دعوے کی جانچ پڑتال میں اسے فرضی پایا کیوں کہ نیدرلینڈس کی حکومت نے سوشل میڈیا پر وائرل گرافک میں دکھائے گئے آر ایس ایس سے متعلق ایسے کوئی یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری نہیں کئے بلکہ نیدرلینڈ میں سنگھ کی تنظیم ایچ ایس ایس کی جانب سے یہ ڈاکٹ ٹکٹ جاری کئے گئے تھے۔
سب سے پہلے ہم نے نیدرلینڈس کی جانب سے آر ایس ایس کیلئے یادگاری اسٹامپ جیسے کلیدی الفاظ کی مدد سے گوگل سرچ کیا تو ہمیں کوئی میڈیا رپورٹ نہیں ملی جس میں ایسی کوئی خبر شامل کی گئی ہو۔
پھر ہم نے وائرل پوسٹ کا مشاہدہ کیا تو پتہ چلا کہ نیدرلینڈس میں آر ایس ایس کی شاخ 'ہندو سویم سیوک سنگھ نیدرلینڈس' یعنی ایچ ایس ایس این ایل کی جانب سے ہندو تنظیم کی صد سالہ تقریب کے موقع پر یہ یادگاری ڈاکٹ ٹکٹ جاری کئے گئے ہیں۔
جب ہم نے آر ایس ایس کے ترجمان 'آرگنائزر' کی ویب سائیٹ پر سرچ کیا تو ہمیں 10 اکتوبر کے آرٹیکل سے پتہ چلا کہ نیدرلینڈ نے نہیں بلکہ سنگھ کی شاخ 'ہندو سویم سیوک سنگھ نیدرلینڈ' نے ہندو تنظیم کی صد سالہ تقریب کے اعزاز میں یہ یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کئے ہیں۔
اس رپورٹ میں بتایا گیا ہیکہ سنگھ کے 100 سال مکمل ہونے پر ایچ ایس ایس نیدرلینڈ نے ورلڈ پوسٹل ڈے کے موقع پر خصوصی یادگاری ڈاکٹ ٹکٹ جاری کئے۔
بی جے پی لیڈر امیت مالویہ کے ٹوئیٹ کے نیچے ایکس صارفین نے گروک اے کی مدد سے بتایا کہ نیدر لینڈ کی پوسٹل سروس 'پوسٹ این ایل' پر کچھ قیمت ادا کرکے اور اپنی تصویر اپلوڈ کرتے ہوئے کوئی بھی شخص ذاتی اسٹامپ بناسکتا ہے۔
اس پوسٹل سروس کا استعمال کرتے ہوئے ہم نے بھی 'تلگو پوسٹ' کا ڈاکٹ ٹکٹ بنایا ہے۔
تحقیق سے واضح ہوگیا کہ آرایس ایس تنظیم کی صد سالہ تقریب کے موقع پر نیدرلینڈ کی حکومت نے کوئی بھی یادگاری ڈاکٹ ٹکٹ جاری نہیں کیا۔ بی جے پی کے سوشل میڈیا اکاونٹس پر وائرل ڈاکٹ ٹکٹ، دراصل کی نیدرلینڈ میں ایچ ایس ایس نامی سنگھ کی شاخ نے قیمت کی عوض ڈاکٹ ٹکٹ بنانے کی سروس استعمال کرتے ہوئے اسے جاری کیا ہے۔ لہذا، وائرل پوسٹ میں کیا گیا دعویٰ فرضی ہے۔