فیکٹ چیک: یوگی آدتیہ ناتھ کی 2024 کی تقریر کا ترمیم شدہ ویڈیو پی او کے پر قبضہ کے گمراہ کن دعوے کے ساتھ وائرل
وائرل ویڈیو میں دعویٰ کیا گیا کہ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ اگر وہ وزیراعظم بنیں گے تو پاکستان مقبوضہ کشمیر چھ ماہ میں بھارت کا حصہ بنے گا۔ تحقیق سے واضح ہوا کہ یہ 2024 کی ریلی کا پرانا کلپ ہے جو گمراہ کن دعوے کے ساتھ پھیلایا جارہا ہے
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کے ساتھ جاری کشیدگی کو مزید پیچیدہ بناتے ہوئے ایک متنازعہ بیان دیا ہیکہ "کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا"۔ انہوں نے پاکستان مقبوضہ کشمیر میں ایک پروگرام کے دوران یہ اعلان کیا۔ دوسری جانب، ملک بھر میں 'کشمیر یکجہتی دن' مناتے ہوئے مظاہرے کئے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔
مظفرآباد میں اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا، "جموں و کشمیر کے تنازعے کا حل کشمیری عوام کی خواہشات کا احترام کرنے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد میں ہے۔" انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی کشمیر کے ساتھ وابستگی اس کے قیام کی بنیادی اصولوں سے جڑی ہوئی ہے، اور یہ بھی باور کرایا کہ بانی پاکستان محمد علی جناح نے اس خطے کو پاکستان کی "شہ رگ" قرار دیا تھا۔
اس درمیان، اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی تقریر کے ویڈیو کلپ [آرکائیو] کو شیئر کرتے ہوئے سوشل میڈیا صارفین دعوی کررہے ہیں کہ اگر انہیں وزیر اعظم کے طور پر منتخب کیا جائے گا تو پاک مقبوضہ کشمیر صرف 6 مہینوں کے اندر بھارت کا حصہ بن جائیگا۔
وائرل پوسٹ کا لنک یہاں اور آرکائیو لنک یہاں ملاحظہ کریں۔
وائرل پوسٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیکھیں۔
فیکٹ چیک:
تلگو پوسٹ کی فیکٹ چیک ٹیم نے وائرل پوسٹ میں کئے گئے دعوے اور ویڈیو کی جانچ پڑتال کی تو پایا کہ یہ جون2024 کے لوک سبھا انتخابات سے قبل یوگی آدتیہ ناتھ کی ریلی کا ہے جس میں انہوں نے نریندر مودی کو تیسری مرتبہ وزیر اعظم بنانے کیلئے عوام سے بی جے پی کو اکثریت دلانے کی اپیل کررہے ہیں۔ اس ویڈیو کو گمراہ کن دعوے کے ساتھ پھیلایا جارہا ہے۔
وائرل ویڈیو کے سرسری مشاہدے سے پتہ چل جاتا ہیکہ یہ کافی پرانا ویڈیو ہے اسلئے اسکی کوالٹی خراب معلوم ہوتی ہے۔
تحقیق کا آغاز کرتے ہوئے ہم نے وائرل ویڈیو کے کلیدی فریمس اخذ کئے اور ایک ایک کرکے گوگل ریورس امیج سرچ ٹول کی مدد سے ان فریمس کو تلاش کیا تو ہمیں فیس بک پر 29 جنوری 2026 کا ایک پوسٹ ملا جس میں 'اجولہ ابالے' نامی صحافی نے لکھا کہ "یوگی آدتیہ ناتھ نے یہ بیان 18 مئی 2024 کو ایک ریلی میں دیا تھا اور کہا تھا کہ اگر مودی تیسری بار وزیرِاعظم بن جاتے ہیں تو اگلے چھ ماہ میں "پاکستان مقبوضہ کشمیر" بھارت کا حصہ بن جائے گا۔"
جب اس جانکاری کی مدد سے گوگل سرچ کیا گیا تو ہمیں 'آج تک' ہندی نیوز ویب سائیٹ کا 18 مئی 2024 کا مضمون ملا جس میں بتایا گیا ہیکہ، "اتر پردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ 'مودی جی کو تیسری بار وزیراعظم بننے دیجئے، اگلے چھ ماہ کے اندر "پاکستان کے زیرِ قبضہ کشمیر" بھی بھارت کا حصہ ہوگا۔'
وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے یہ بھی کہا، "اب تو پاکستان کے لئے پاکستان مقبوضہ کشمیر بچانا مشکل ہو رہا ہے۔" یہ نیا بھارت ہے، جو بغیر رکے، بغیر ڈگمگائے، بغیر پیچھے ہٹے اور بغیر ڈرے آج مودی جی کی قیادت میں ترقی کے سفر کو آگے بڑھا رہا ہے۔"
انگریزی نیوز پورٹل 'دی اکنامک ٹائمس' نے 20 مئی 2024 کو شائع کردہ 'اے این آئی' کی رپورٹ میں کہا کہ، "اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ہفتہ کے روز کہا کہ پاکستان مقبوضہ جموں وکشمیر وزیر اعظم مودی کے تیسری بار منتخب ہونے کے چھ ماہ کے اندر بھارت کا حصہ بن جائے گا۔ آج یہاں [مہاراشٹرا کے پالگھر] میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے، وزیر اعلیٰ یوگی نے کہا کہ پاکستان کو پی او جے کے کو بچانے میں مشکلات درپیش ہیں۔ "
خبررساں ایجنسی 'اے این آئی' نے اپنے یوٹیوب چینل پر 18 مئی 2024 کو یوگی کی پالگھر کی انتخابی تقریر اپلوڈ کی ہے جس میں 1.30 کے ٹائم اسٹامپ کے بعد سے وائرل ویڈیو کا کلپ دیکھا اور سنا جاسکتا ہے۔
تحقیق اور میڈیا رپورٹس سے یہ واضح ہوگیا کہ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے پالگھر کی تقریر میں انہیں وزیر اعظم بنانے کی بات نہیں کی تھی۔ انہوں نے یہ کہا تھا کہ نریندر مودی کو تیسری معیاد کیلئے وزیر اعظم بننے دیجئے، صرف چھ مہینوں کے اندر اندر پاک مقبوضہ کشمیر بھارت کا جغرافیائی حصہ بن جائیگا۔ انکی اس پرانی تقریر کو بغیر سیاق وسباق اور اسے چھانٹ کر گمراہ کن دعوے کے ساتھ دوبارہ وائرل کیا جارہا ہے۔