فیکٹ چیک: انڈیگومسافرین کے ٹارمیک پر کھانا کھانے کا وائرل ویڈیو جنوری 2024 کا ہے، حالیہ بحران کا نہیں

انڈیگو کے مسافرین کا ٹارمیک پر کھانا کھانے کا وائرل ویڈیو جنوری 2024 کا ہے جب گووا-دہلی فلائٹ ممبئی میں اتاری گئی تھی، اور اس ویڈیو کو حالیہ پروازوں کی منسوخی سے جوڑ کر شئیر کیا جارہا ہے

Update: 2025-12-17 11:18 GMT

گزشتہ چند دنوں سے بے شمار پروازوں کی منسوخی اور تاخیر کے سبب ملک بھر میں مسافرین کی برہمی اور تنقید کا سامنا کررہی انڈیگو ایئر لائنس نے دہلی میں شدید دھند کے سبب مسافروں کیلئے ایک سفری ہدایات جاری کی، جس میں کہا گیا تھا کہ قومی راجدھانی میں کہرے کے باعث 15 دسمبر کو پروازوں کی کارروائی متاثر ہوگی۔ ایئرلائن نے مزید کہا کہ خراب موسم کے دوران مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے کچھ پروازیں پیشگی طور پر منسوخ کی جا سکتی ہیں۔

اس درمیان، سوشل میڈیا پر ائیرپورٹ کے پروازوں کے اڑان بھرنے کے احاطے میں انڈیگو کے طیارے کے قریب مسافرین کے فرش پر بیٹھ کر کھانا کھانے کا ویڈیو شئیر کرتے ہوئے دعویٰ [آرکائیو] کیا جارہا ہیکہ یہ مناظر بجٹ ائیرلائینس کے حالیہ بحران کے ہیں جب بے شمار پروازوں کی منسوخی اور تاخیر سے اڑان کے سبب مسافرین کو مجبورا رن وے کے قریب زمین پر بیٹھ کر رات کا کھانا کھانا پڑا۔


وائرل پوسٹ کا لنک یہاں اور آرکائیو لنک یہاں ملاحظہ کریں۔

وائرل پوسٹ کا اسکرین شاٹ نیچے ملاحظہ کریں۔



 



Full View


فیکٹ چیک:


تلگو پوسٹ کی فیکٹ چیک ٹیم نے وائرل پوسٹ میں کئے گئے دعوے کی جانچ پڑتال کے دوران پایا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو 2024 کا ہے، جسے انڈیگو ائیرلائینس کے حالیہ بحران سے جوڑ کر گمراہ کن دعوے کے ساتھ پھیلایا جارہا ہے۔


سب سے پہلے ہم نے InVid ٹول کی مدد سے وائرل ویڈیو کے کلیدی فریمس حاصل کئے اور گوگل ریورس امیج سرچ کی مدد سے ایک ایک فریمس کو سرچ کیا۔ جو نتائج سامنے آئے اس میں ہمیں ایک ایکس صارف کا 15 جنوری 2024 کا ٹوئیٹ ملا جس میں وائرل ویڈیو میں شامل مناظر سے ملتے جلتے مناظر دیکھنے کو ملے۔ اس ٹوئیٹ میں بتایا گیا ہیکہ "انڈیگو کی گووا سے دہلی جانے والی فلائیٹ نمبر 6E 2915 کو 20 گھنٹے تاخیر سے پرواز کررہی ہے اور اب اسے ممبئی طیران گاہ پر اتارا گیا ہے۔ خاتون مسافرین کیلئے یہ بالکل بھی محفوظ نہیں اور انڈیگو کے عملہ کے جانب سے کوئی راحت نہیں۔"


دیگر نتائج میں ہمیں این ڈی ٹی وی کا 16 جنوری 2024 کا فیس بک پوسٹ اور نیوز آرٹیکل ملا جس میں ایک ڈیلیٹ کئے گئے ایکس اکاونٹ کی ٹوئیٹ کے حوالے سے بتایا گیا ہیکہ" سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شئیر کیا جارہا ہے جس میں لوگوں کو حلقوں کی شکل میں رن وے پر ہوائی جہاز کے قریب بیٹھے کھانا کھاتے دکھایا گیا ہے۔ تھکے ماندے مسافر، ٹارمیک پر طیارے کے اطراف بیٹھ کر کھانا کھارہے ہیں۔"


اس رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہیکہ انڈیگو نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ واقعہ 14 جنوری 2024 کو ممبئی ائیرپورٹ پر پیش آیا۔ دہلی میں کہرے کے سبب گووا سے دہلی جانے والی پرواز کو ممبئی کے ہوائی اڈے پر لینڈ کیا گیا تھا جس کی وجہ سے مسافرین کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔


'ریڈیف ڈاٹ کام' پر شائع کردہ ' پی ٹی آئی' کی رپورٹ میں بتایا گیا ہیکہ، دہلی جانے والی فلائیٹ کو ممبئی کے ائیرپورٹ پر اتارے جانے کے بعد مسافرین طیارے سے باہر نکل کر ٹارمیک پر بیٹھ گئے اور وہیں کھانا کھانا شروع کردیا۔ اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد، ہوائی اڈے کے انتظامیہ نے وضاحت دی کہ سی آئی ایس ایف کی 'کوئیک ریسپانس ٹیم [ QRT ] نے مسافرین کو 'محفوظ زون' میں منتقل کردیا۔


مزید سرچ کرنے ہمیں 'اسکرول ڈاٹ ان' کا مضمون ملا جس میں بتایا گیا ہیکہ " مسافروں کو ممبئی ایئرپورٹ پر ایک طیارے کے قریب رَن وے پر بیٹھ کر کھانا کھاتے دکھانے والے ویڈیوس کے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد شہری ہوا بازی کی سکیورٹی کے نگران ادارے بیورو آف سول ایوی ایشن سکیورٹی نے بدھ کے روز، انڈیگو ایئرلائن پر 1.20 کروڑ روپئے کا جرمانہ عائد کیا۔"


آن لائین نیوز پورٹل نے 'انڈین ایکسپریس' کے حوالے سے کہا کہ محکمہ نے ممبئی انٹرنیشنل ائیرپورٹ لمیٹیڈ پر 60 لاکھ روپئے کا جرمانہ لگایا جبکہ ڈی جی سی اے نے سیفٹی سے متعلق خلاف ورزیوں کیلئے ائیرپورٹ کے آپریٹر کو 30 لاکھ روپئے کا جرمانہ بھرنے کا حکم دیا۔

Full View


تحقیق اور میڈیا رپورٹس سے یہ واضح ہوگیا کہ ٹارمیک پر بیٹھے انڈیگو طیارے کے مسافرین کا وائرل ویڈیو حالیہ انڈیگو بحران کا نہیں بلکہ اسی ائیرلائین کے گووا۔دہلی پرواز کا جنوری 2024 کا ہے جسے سوشل میڈیا پر غلط بیانئے کے ساتھ شئیر کیا جارہا ہے۔ لہذا، وائرل پوسٹ میں کیا گیا دعویٰ گمراہ کن پایا گیا۔

Claim :  انڈیگو کے حالیہ بحران کے دوران مسافرین کو رن وے پر بیٹھ کر کھانا کھانا پڑا
Claimed By :  Social Media Users
Fact Check :  Unknown
Tags:    

Similar News