فیکٹ چیک: بھارتی کوہ پیماؤں کا میکیسکو کی بلند ترین چوٹی سر کرنے کا ویڈیو گمراہ کن دعوے کے ساتھ وائرل

وائرل ویڈیو کو سیاچن گلیشیئر پر تعینات بھارتی فوج کے جوانوں سے جوڑا جارہا ہے، لیکن جانچ پڑتال سے واضح ہوا کہ یہ ویڈیو دراصل دسمبر 2025 میں بھارتی کوہ پیماؤں کی میکسیکو کی بلند ترین چوٹی پیکو ڈی اوریزابا سر کرنے کا ہے

Update: 2025-12-26 16:55 GMT

ملک کے بیشتر مقامات میں موسم سرما کی شدت کی وجہ سے صبح کے اوقات کہرا چھایا ہوا نظر آرہا ہے۔ ادھر، برف پوش ہمالیہ کی پہاڑیوں میں بھی موسم کے شدید بگڑنے کی خبر ہے۔ لداخ، کرگل، گلوان وادی، شمالی سکم، شمشابری رینج اور گریٹر ہمالیائی علاقے میں درجہ حرارت کئی ڈگری منفی تک گر گیا ہے۔ شدید برف باری، تیز برفیلی ہوائیں، کم آکسیجن کی سطح اور محدود حدِ نگاہ کی صورتحال ہے۔


لیکن ان مشکلات کے باوجود بھارتی فوج کا حوصلہ کم نہیں ہوا۔ ان سرد ترین علاقوں میں تعینات سپاہی چوکسی اختیار کرتے ہوئے ملک کی سرحدوں کی حفاظت کر رہے ہیں۔ دنیا کے بلند ترین محاذ سیاچن گلیشیئر میں ان دنوں درجہ حرارت منفی 30 ڈگری سینٹی گریڈ یا اس سے بھی کم ہونے کے باوجود جوان چوبیس گھنٹے اپنا مورچہ سنبھالے ہوئے ہیں۔


اس درمیان سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو [آرکائیو] وائرل ہورہا ہے جس میں دو نوجوان برف سے ڈھکی پہاڑ کی چوٹی پر شدید برفباری کے باوجود آگے بڑھ رہے ہیں۔ صارفین اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کررہے ہیں کہ، " دنیا کے بلند ترین محاذ سیاچن گلیشیئر پر تعینات فوجیوں نے ثابت کردیا کہ حوصلہ سردی سے زیادہ طاقتور ہوتا ہے۔"


وائرل پوسٹ کا لنک یہاں اور آرکائیو لنک یہاں ملاحظہ کریں۔

وائرل پوسٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیکھیں۔




Full View



فیکٹ چیک:


تلگو پوسٹ کی فیکٹ چیک ٹیم نے وائرل پوسٹ میں کئے گئے دعوے کی جانچ پڑتال میں پایا کہ یہ ویڈیو سیاچن گلیشیئر پر تعینات فوجیوں کے ڈیوٹی انجام دینے کا نہیں بلکہ بھارت کے کوہ پیماؤں کے میکسیکو کی بلند ترین چوٹی اور شمالی امریکہ کے سب سے بلند آتش فشاں سر کرنے سے متعلق ہے۔


تحقیق کا آغاز کرتے ہوئے ہم نے سب سے پہلے بھارتی فوج کے سوشل میڈیا ہینڈلس چیک کئے لیکن ہمیں سیاچن گلیشیئر پر تعینات فوجیوں کی ڈیوٹی سے متعلق کوئی پوسٹ یا ویڈیو نہیں ملا۔ میڈیا میں بھی دنیا کے بلند ترین محاذ کے بارے میں کوئی رپورٹ شائع نہیں کی گئی، تاہم، این ڈی ٹی وی نے اپنی 24 دسمبر کی رپورٹ میں بتایا ہیکہ انڈین آرمی کے جوان ہمالیہ سمیت تمام سرد علاقوں میں منفی 30 ڈگری درجہ حرارت کے باوجود کس طرح اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے بھارت کی سرحدوں کی حفاظت کررہے ہیں۔


رپورٹ میں بلند ترین محاذ کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا ہیکہ "سیاچن میں تعینات فوجی ایک خاص تین تہوں پر مشتمل انتہائی سرد موسم کا لباس (ای سی ڈبلیو سی ایس) پہنتے ہیں۔ فوجی امپورٹیڈ سازوسامان استعمال کرتے ہیں جو انہیں شدید سردی، تیز ہواؤں اور برف سے محفوظ رکھتا ہے۔


پھرہم نے InVID ٹول کی مدد سے وائرل ویڈیو کے کلیدی فریمس اخذ کئے اور انہیں ایک ایک کرکے گوگل ریورس امیج سرچ کی مدد سے تلاش کیا۔ جو نتائج ملے ان میں ہمیں 'آسام لائیو نیوز' کی انسٹا گرام اکاونٹ پر ایک پوسٹ ملا جس کے کیپشن میں کہا گیا ہیکہ "دسمبر 2025 میں بھارتی کوہ پیماؤں کی ایک ٹیم نے میکسیکو کی چوٹی پیکو ڈی اوریزابا کو کامیابی کے ساتھ سر کیا۔"



اس جانکاری کی مدد سےجب ہم نے گوگل سرچ کیا تو ہمیں ریپبلک انڈیا اور خبررساں نیوز ایجنسی یو این آئی پر بھی بھارتی کوہ پیماوں کی کامیابی کے ساتھ میکسیکو کی چوٹی سر کرنے کی خبر ملی۔


یو این آئی نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ، "ہریانہ کے ایک بلند پہاڑی کوہ پیما نے بھارتی کوہ پیمائی ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے میکسیکو کی سب سے بلند چوٹی اور شمالی امریکہ کے سب سے اونچے آتش فشاں، پیکو ڈی اوریزابا، کو سر کرکے ریکارڈ بُکس میں اپنا نام درج کر لیا ہے۔"


ہِسار کے رہائشی نریندر کمار نے یو این آئی کو بتایا کہ یہ کامیابی ٹیم کے ہر رکن کی اجتماعی کوشش، نظم و ضبط اور عزم کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ مہم پیئدرا گراندے ریفیوج سے شروع ہوئی، اور جماپا گلیشیئر کے راستے پر آگے بڑھی۔ کمار نے مہم جوئی کے دوران ٹیم کو درپیش مسائل اور دشوار گذار برفیلی پہاڑی کے بارے میں بھی تفصیل سے بتایا۔ پیکو ڈی اوریزابا کوہ پیمائی کی دنیا میں ایک خاص مقام رکھتا ہے اور اکثر اُن کوہ پیماؤں کے لیے تربیتی میدان سمجھا جاتا ہے جو وولکینک سیون سمٹس کی تیاری کر رہے ہوتے ہیں۔


کوہ پیما نریندر کمار کے انسٹا گرام پر اصلی ویڈیو دیکھا جاسکتا ہے۔ اس ویڈیو کو اب تک 11 لاکھ سے زائد مرتبہ لائیک اور اس پر 10 ہزار سے زیادہ کمنٹس کئے گئے ہیں۔ اس ویڈیو میں نریندر نے اپنے چار کوہ پیما ساتھیوں روسلان، پنکوپسان، کلب ورشین اور الیکس ابراموف کو بھی ٹیگ کیا ہے۔


جانچ پڑتال اور میڈیا رپورٹس سے واضح ہوگیا کہ وائرل ویڈیو سیاچن گلیشیئر پر تعینات جوانوں کے بھارت کی سرحدوں کی تحفظ کا نہیں بلکہ بلند پہاڑی کوہ پیما نریندر کمار کی قیادت میں دسمبر 2025 میں میکسیکو کی سب سے بلند چوٹی پیکو ڈی اوریزابا کو سر کرنے کا ہے۔ لہذا، وائرل پوسٹ میں کیا گیا دعویٰ گمراہ کن پایا گیا۔

Claim :  دنیا کے بلند ترین محاذ سیاچن گلیشیئر پر تعینات فوجیوں نے ثابت کردیا کہ حوصلہ سردی سے زیادہ طاقتور ہوتا ہے
Claimed By :  Social media users
Fact Check :  Unknown
Tags:    

Similar News