فیکٹ چیک: بھارت کی طرف منسوب تباہ شدہ S-400 کی وائرل تصویر دراصل روسی ایئر ڈیفنس سسٹم کی ہے
وائرل تصویر جسے بھارت کے تباہ شدہ S-400 ایئر ڈیفنس سسٹم سے منسوب کیا جا رہا ہے، دراصل 2024 میں یوکرین کے حملے میں تباہ ہونے والے روسی سسٹم کی ہے۔

Claim :
پاکستانی فوج نے بھارت کے تباہ شدہ S-400 ایئر ڈیفنس سسٹم کی پہلی تصویر جاری کیFact :
وائرل تصویر بھارت کے S-400 سسٹم کی نہیں بلکہ 2024 میں یوکرینی حملے میں تباہ ہونے والے روسی S-400 سسٹم کی ہے
دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کے ہفتوں بعد بھی پاکستان کی جانب سے غیر مصدقہ دعوے کئے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔ آپریشن سندور کے بعد سوشل میڈیا پر پاکستان کی جانب سے بھارت کے ایس-400 ایئر ڈیفنس سسٹم کو تباہ کرنے کے دعوے کئے گئے تھے جسے بھارتی حکومت نے ان دعوؤں کو بے بنیاد اور گمراہ کن قراردیا تھا۔
تباہ شدہ فضائی دفاعی نظام کی تصویر شئیر کرتے ہوئے چند پاکستانی سوشل میڈیا صارفین دعویٰ کررہے ہیں کہ "پاکستانی فوجی نے بھارت کے تباہ شدہ S-400، فضائی دفاعی نظام کی پہلی تصویر ریلیز کی ہے۔ پاکستان کا دعویٰ ہیکہ ایک نامعلوم بھارتی سپاہی نے ایک لاکھ ڈالر کی قیمت پر پاکستانی فوج کو یہ تصویر فروخت کی ہے۔"
وائرل ویڈیو کی تصویر یہاں ملاحظہ کریں۔
وائرل پوسٹ کا اسکرین شاٹ یہاں دیکھیں۔
فیکٹ چیک:
تلگو پوسٹ کی فیکٹ چیک ٹیم نے اپنی جانچ پڑتال میں پایا کہ وائرل پوسٹ میں کیا گیا دعویٰ گمراہ کن ہے کیوں کہ یہ تصویر 2024 میں روسی فوج کے فضائی دفاعی نظام پر کئے گئے حملے کے ویڈیو کا اسکرین شاٹ ہے جسے بھارت کے S-400 سسٹم کے نام سے وائرل کیا جارہا ہے۔
ہم نے اپنی تحقیق کا آغاز گوگل لینس ٹول سے کیا۔ اس ٹول کی مدد سے وائرل تصویر کو سرچ کرنے پر ہمیں چند سوشل میڈیا پوسٹس اور نیوز آرٹیکلس ملے۔
'کلیاش رپورٹ' نامی ایکس اکاونٹ پر 23 مئی 2024 کے پوسٹ میں ہمیں جنگی صورتحال کی دو تصاویر اور ایک ویڈیو ملا جن میں وائرل تصویر سے ملتی جلتی ایک تصویر بھی شامل ہے۔
اس پوسٹ میں بتایا گیا ہیکہ، "روس کے زیر کنٹرول موسپینے، ڈونیٹسک علاقے میں یوکرینی ATACMS کے حملے میں روسی S-400 ایئر ڈیفنس سسٹم کے 5P85SM2-01 TELs اور اس کے 96L6 ریڈار کو تباہ کر دیا گیا۔ رپورٹس کے مطابق کم از کم تین S-400 لانچرز تباہ کردئے گئے یا انہیں شدید نقصان پہنچایا گیا۔ یہ حملے کل کئے گئے تھے۔"
ایک روسی ویب سائیٹ کے مطابق، " عارضی طور پر مقبوضہ ڈونباس کے گاؤں موسپائنے کے قریب ایک روسی فوجی اڈے پر بدھ کے روز 22 مئی کو تقریباً 12:50 بجے حملہ کیا گیا۔ اس حملے کے نتیجے میں روسی فوجی سازوسامان کی ایک بڑی مقدار بالخصوص فضائی دفاعی نظام تباہ کردیا گیا اور انہیں شدید نقصان پہنچایا گیا۔۔"
رومانیہ کے 'کومی سارول' میڈیا آوٹ لیٹ کے مطابق، "یوکرینی مسلح افواج نے ڈونیسک علاقے میں تعینات روسی S-400 ٹرائیمف فضائی دفاعی نظام پر اچانک حملہ کیا۔ یوکرینی میڈیا کے مطابق، یہ حملہ ATACMS بیلسٹک میزائلوں کے ذریعے کیا گیا۔"
یاد رہے کہ ہمیں 10 مئی 2025 کو پریس انفارمیشن بیورو (PIB) فیکٹ چیک ٹیم اپنے ایک X پوسٹ میں واضح کردیا تھا کہ "S-400 سسٹم کی تباہی یا کسی نقصان کی خبریں بے بنیاد ہیں۔"
ایک پریس کانفرنس کے دوران، کرنل صوفیہ قریشی نے پاکستان کی جانب سے بھارت کے 'فضائی دفاعی نظام' کی تباہی کے دعوے کو مسترد کردیا تھا۔
"پاکستان نے دعویٰ کیا کہ اس نے اپنے JF-17 طیارے سے ہمارے S-400 اور براہموس میزائل بیس کو نقصان پہنچایا، جو مکمل طور پر غلط ہے۔"
مذکورہ بالا میڈیا رپورٹس کی روشنی میں یہ واضح ہوگیا کہ وائرل پوسٹ میں دکھائی گئی تباہ شدہ فضائی دفاعی نظام کی تصویر بھارت کے S-400 سسٹم کی نہیں بلکہ 2024 میں یوکرینی فوج کی جانب سے تباہ شدہ روسی S-400 ٹرائیمف فضائی دفاعی نظام کی ہے۔ لہذا، وائرل پوسٹ میں بھارت کی ائیر ڈیفنس سسٹم سے متعلق کیا گیا دعویٰ گمراہ کن پایا گیا۔