فیکٹ چیک: کیا ترنمول ایم پی نے پارلیمنٹ میں رافیل طیاروں کے گرنے کی منظرکشی کی؟ جانئے پوری حقیقت
بھارت اور پاکستان کے درمیان حالیہ کشیدگی کے ضمن میں سوشل میڈیا پر ترنمول ایم پی کا پارلیمنٹ میں بی جے پی کے انتخابی نعرے کا مذاق اڑانے کا پرانا ویڈیو یہ کہہ کر وائرل کیا جارہا ہیکہ انہوں نے ایوان میں رافیل طیارے کے گرنے کی منظر کشی کی ہے

Claim :
بھارتی اپوزیشن لیڈر نے لوک سبھا میں رافیل طیاروں کے تباہ ہونے کی منظر کشی کیFact :
وائرل ویڈیو میں لوک سبھا ایم پی کلیان بنرجی نے پارلیمنٹ کے سیشن کے دوران بی جے پی کے انتخابی نعرے "اب کی بار 400 پار" کا طنزیہ انداز میں مذاق اڑایا تھا
کئی دنوں کی شدید گولہ باری اور فائرنگ کے بعد جموں و کشمیر اور بین الاقوامی سرحد کے علاقوں میں دوبارہ زندگی معمول پر لوٹتی دکھائی دے رہی ہے۔ پیر کے روز بھارتی فوج نے اپنے بیان میں کہا کہ اتوار کی رات پر سکون گزری۔ حالیہ 'آپریشن سندور' کے بعد بھارت اور پاکستان کے بیچ کشیدگی میں اضافہ دیکھا گیا۔ بھارتی فوج نے لڑاکا طیاروں اور ڈرونز کی مدد سے پاکستان اور پاکستان مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردوں کے کئی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔
دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے کے اعلان کے دو دن بعد دونوں ممالک کے ڈائریکٹر جنرلز آف ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم اوز) نے آج مذاکرات میں حصہ لیا۔ ذرائع کے مطابق، دونوں ممالک کے فوجی حکام نے 10 مئی کو طئے پانے والے معاہدے کے تحت فوجی کارروائیوں اور فائرنگ کے خاتمے سے متعلق مختلف پہلوؤں پر غور کیا۔ اس اعلیٰ سطحی بات چیت کا نتیجہ ہنوز معلوم نہیں ہو سکا۔
اس درمیان سوشل میڈیا پر چند پاکستانی صارفین لوک سبھا میں بی جے پی کو ہدف تنقید بنانے والے ترنمول لیڈر کے رکن پارلیمان کا ایوان میں خطاب کا ویڈیو کلپ شئیر کرتے ہوئے دعویٰ کرر ہے ہیں کہ "بھارت کے اپوزیشن لیڈر "دکھا رہے ہیں" کہ رافیل طیارے کیسے تباہ ہوگئے۔ وزیر اعظم ہند نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کے چہرے دیکھنے لائق ہیں۔
وائرل پوسٹ کا لنک یہاں اور آرکائیو لنک یہاں ملاحظہ کریں۔ اس نوعیت کے دیگر دعوے یہاں اور یہاں دستیاب ہیں۔
وائرل پوسٹ کا اسکرین شاٹ یہاں دیکھیں۔
فیکٹ چیک:
تلگو پوسٹ کی فیکٹ چیک ٹیم نے جب وائرل ویڈیو کی جانچ پڑتال کی تو پایا کہ یہ ویڈیو جون 2024 کا ہے۔ ایوان زیریں میں ترنمول کانگریسن [ٹی ایم سی] کے رکن پارلیمنٹ کلیان بنرجی نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے انتخابی نعرے "اب کی بار 400 پار" کا مذاق اُڑایا تھا۔
چونکہ وائرل ویڈیو میں لوک سبھا کی کارروائی کا تذکرہ ہے تو ہم نے گوگل سرچ کرکے یہ جاننے کی کوشش کی کہ کیا واقعی پارلیمنٹ کا سیشن جاری ہے۔ موزوں کیورڈس کی مدد سے سرچ کرنے پر ہمیں "ہندوستان ٹائمز" کی 11 مئی 2025 کا مضمون ملا جس میں بتایا گیا ہیکہ، "کانگریس کے رکن پارلیمنٹ اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے اتوار کے روز وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر پہلگام دہشت گرد حملے، آپریشن سندور اور جنگ بندی کے معاملے پر فوری طور پر پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس طلب کرنے کا حزبِ اختلاف کا متفقہ مطالبہ دوہرایا۔"
دوسری جانب، سی پی آئی (ایم) کے جنرل سیکریٹری ایم اے بیبی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس بلانے کی اپیل کی ہے، اور حکومت کے مؤقف کی وضاحت کے لئے وزیر اعظم سے "ذاتی طور پر شرکت" کی درخواست کی ہے۔
اسکے بعد ہم نے وائرل ویڈیو کے کلیدی فریمس اخذ کئے اور انہیں گوگل ریورس امیج سرچ ٹول کی مدد سے سرچ کیا تو ہمیں کئی نتائج ملے جو وائرل ویڈیو سے میل کھاتے ہیں۔
2 جولائی 2024 کی وسیم نامی ایکس یوزر کی ٹوئیٹ میں 'نیوز نائن' کا ویڈیو کلپ شئیر کرتے ہوئے صارف نے لکھا کہ " ترنمول کانگریس کے رکنِ پارلیمنٹ بتا رہے ہیں کہ کیسے مودی 400 سیٹیں جیتنے کا دعویٰ کرنے کے بعد 240 پر آ گئے۔
نوٹ: "چو-کیت کیت کیت" ایک بنگالی کھیل ہے جس میں کھلاڑی اپنا ایک پاؤں اٹھاکر دوسرے پاؤں سے نشان زد جگہوں پر چھلانگ لگاتا ہے اور ساتھ ہی "چو-کیت کیت کیت" کہتا ہے۔"
نتائج میں "ٹائمز آف انڈیا" کا 3 جولائی کا یوٹیوب ویڈیو بھی شامل تھا۔ جس کی تفصیل میں بتایا گیا ہے "ٹی ایم سی کے رہنما کلیان بنرجی نے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کی کارکردگی کا مذاق اُڑایا۔" اور اس ویڈیو کا ٹائیٹل ہے، "کیت کیت کیت کرکے بھی 240 سیٹس ہی آئے: ٹی ایم سی ایم پی نے بی جے پی کے ' 400 پار ' نعرہ کی ناکامی کا مذاق اڑایا۔
مزید سرچ کرنے پر ہمیں "ہندوستان ٹائمز" کا آرٹیکل ملا جس میں بتایا گیا ہیکہ " ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمنٹ کلیان بنرجی کا منگل 2 جولائی کو لوک سبھا میں بی جے پی کے انتخابی نعرے "اب کی بار 400 پار" کا مذاق اُڑانے کا ویڈیو وائرل ہو گیا۔
کلیان بنرجی نے کہا: "انہوں نے 'اب کی بار 400 پار' کے ساتھ کھیل کھیلا۔ کھیل تو بہت سے ہوتے ہیں، اور 'چو-کیت کیت کیت' بھی انہی میں سے ایک ہے۔"
مغربی بنگال کے شری رام پور پارلیمانی حلقہ کے رکن نے اس کھیل کا حوالہ دیتے ہوئے وضاحت کی کہ نعرہ '400' زور سے 'چو' سے شروع ہوا اور 'کیت کیت کیت' پر ختم ہوا۔
انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا: "آپ صرف 240 سیٹیں جیت سکے اور وہ کھیل بھی ہار گئے۔"
کلیان بنرجی کی لوک سبھا میں کی گئی 2 جولائی 2024 کی تقریر کا اصل ویڈیو یہاں ملاحظہ کریں۔
مذکورہ بالا میڈیا رپورٹس اور جانچ پڑتال سے واضح ہوگیا کہ ابھی لوک سبھا کا سیشن نہیں چل رہا ہے اور ترنمول ایم پی کلیان بنرجی کا قریب ایک سال پرانا ویڈیو کلپ جس میں وہ بی جے پی کے '400 پار' انتخابی نعرے کی ناکامی کا بنگال کے مشہور کھیل 'چو۔۔ کیت کیت کیت' سے موازنہ کرکے بھگوا پارٹی کا مذاق اڑارہے ہیں۔ سوشل میڈیا صارفین بغیر سیاق وسباق والی اس ویڈیو کلپ کو گمراہ کن دعوے کے ساتھ شئیر کررہے ہیں۔ لہذا، وائرل پوسٹ میں کیا گیا دعویٰ گمراہ کن پایا گیا۔