فیکٹ چیک: ٹرمپ پر تبصرہ کے ششی تھرورکے پرانے ویڈیو کو انکے حالیہ امریکی دورے سے جوڑ کر گمراہ کن دعویٰ کے ساتھ کیا جارہا ہے وائرل
ششی تھرور کی نیویارک میں منعقده جئے پور لٹریچر فیسٹول کے دوران گفتگو کے پرانے انٹرویو کو انکے حالیہ امریکی دورے سے جوڑ کر شئیر کئے جارہے ویڈیو میں دعویٰ کیا گیا کہ انہوں نے صدر ٹرمپ کو بدتمیز کہا۔

Claim :
ششی تھرور نے حالیہ امریکی دورے کے دوران صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بدتمیز اور بداخلاق کہاFact :
کانگریس لیڈر کا وائرل ویڈیو ستمبر 2024 میں نیویارک میں ایک ادبی تقریب کا ہے، جس میں تھرور نے ٹرمپ پر عمومی تبصرہ کیا تھا
کانگریس کے رکن پارلیمان ششی تھرور کی قیادت میں کل جماعتی وفد واشنگٹن ڈی سی میں امریکی کانگریس کے ارکان اور انتظامیہ کے ساتھ ملاقاتیں کررہے ہیں۔ تھرور نے وائٹ ہاؤس میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس سے ملاقات کی اور کہا کہ بھارتی وفد کی ان سے بہت اچھی گفتگو ہوئی۔ وفد کے اراکین نے امریکی انتظامیہ کو آپریشن سندور اور دہشت گردی کے خلاف بھارت کے مضبوط موقف پر بریفنگ دیا۔
وفد کا مقصد امریکہ میں کلیدی فریقین کو پاکستان میں دہشت گرد ٹھکانوں کو نیست و نابود کرنے کیلئے کئے گئے آپریشن سندور کے بارے میں آگاہ کرنا ہے۔
اس سفارتی مہم کا مقصد جموں و کشمیر کے پہلگام میں حالیہ دنوں میں دہشت گرد حملوں کے بعد دہشت گردی کے خلاف بین الاقوامی حمایت کو مضبوط بنانا ہے۔
اس درمیان، ایک ویڈیو خوب وائرل ہو رہا ہے، یہ ظاہر کرتی ہے کہ تھرور نے نیویارک میں ایک تقریب کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر طنزیہ ریمارک کیا۔ وائرل پوسٹ کے کیپشن میں لکھا گیا ہیکہ، "کانگریس لیڈر ششی تھرور نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بدتمیز، بد اخلاق اور بے وقار قرار دیا۔ ششی تھرور ٹرمپ کو اُسی انداز میں جواب دے رہے ہیں جو ٹرمپ کو سمجھ آتا ہے۔ مودی جی بھی سوچ رہے ہوں گے، "میں نے انہیں وفد میں بھیج کر کوئی غلطی تو نہیں کی!"
وائرل پوسٹ کا لنک یہاں اور آرکائیو لنک یہاں ملاحظہ کریں۔
وائرل پوسٹ کا اسکرین شاٹ یہاں دیکھیں۔
فیکٹ چیک:
تلگو پوسٹ کی فیکٹ چیک ٹیم نے وائرل پوسٹ میں کئے گئے دعوے کی جانچ پڑتال کے بعد پایا کہ ڈونالڈ ٹرمپ کی تنقید کا ششی تھرور کا پرانا ویڈیو بھارت کے کل جماعتی وفد کے حالیہ امریکی دورے کے پس منظر کے گمراہ کن بیانئے کے ساتھ وائرل کیا جارہا ہے۔
ہم نے اپنی تحقیق کا آغاز کرتے ہوئے وائرل ویڈیو کے کلیدی فریمس کی مدد سے گوگل ریورس امیج سرچ کیا تو ہمیں کچھ ویڈیوز اور نیوز آرٹیکلس ملے جن میں 12 ستمبر 2024 کا ایک یوٹیوب ویڈیو بھی شامل تھا۔
اس ویڈیو کے مناظر وائرل ویڈیو سے میل کھاتے ہیں۔ ایشیاء سوسائیٹی نامی یوٹیوب چینل پر پوسٹ کردہ ویڈیو کی تفصیل میں لکھا گی ہیکہ، " بھارتی مصنف، سیاستدان اور رکن پارلیمنٹ ششی تھرورنے [نیویارک میں منعقده جئے پور لٹریچر فیسٹول میں ] معروف صحافی ارون پوری کے ساتھ مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔" 13 منٹ کے بعد سے وائرل تقریر ملاحظہ کی جاسکتی ہے۔
اس کے ایک دن بعد، 'جے ایل ایف انٹرنیشنل' نے اس ایونٹ کی تصویر شئیر کی جس کے بیانر میں لکھا تھا "ششی تھرور کی ارون پوری کے ساتھ گفتگو۔"
ایشیاء سوسائیٹی کے انسٹاگرام اکاونٹ پر ہمیں یہ ویڈیو 24 ستمبر 2024 کو اپلوڈ کیا ہوا ملا۔ اس ویڈیو میں ششی تھرور کو یہ کہتے ہوئے سنا اور دیکھا جاسکتا ہے۔ "اگرچہ مجھے کسی غیر ملک میں وہاں کے سیاسی لیڈروں پر تبصرہ نہیں کرنا چاہیے، لیکن ان [ٹرمپ] کا یہ ذاتی رویہ اُنہیں اتنا خوشگوار یا قابلِ قبول نہیں لگا جتنا کہ ایک معزز امریکی سیاسی شخصیت میں ہونا چاہیے۔"
کانگریس ایم پی نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے اپنے سفارتی کرئیر کے دوران امریکہ کے دونوں جماعتوں کے چار یا پانچ صدور سے ملاقات کی جن میں انہوں نے ایک خاص "سیاسی وزن، مدبرانہ سنجیدگی، اور علمی صلاحیت" دیکھی،اور انہیں لگتا ہیکہ وہ خوبیاں "ان صاحب میں افسوسناک حد تک مفقود ہیں"۔
تحقیق اور میڈیا رپورٹس کی روشنی میں یہ واضح ہوگیا کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ پر طنزیہ ریمارک کا ششی تھرور کا ستمبر 2024 کے پرانے ویڈیو کو 'آپریشن سندور' پر نئی دہلی کے موقف کو دنیا کے سامنے رکھنے کیلئے امریکہ کا دورہ کررہے ششی تھرور کی قیادت والے وفد سے جوڑ کر دوبارہ شئِیر کیا جارہا ہے۔ لہذا، وائرل پوسٹ میں ششی تھرور کے تبصرے سے متعلق کیا گیا دعویٰ گمراہ کن پایا گیا۔