فیکٹ چیک: پاکستانی ٹک ٹاکر کا ویڈیو نئی دہلی کے اے آئی اجلاس سے جوڑکر فرضی دعوے کے ساتھ وائرل
وائرل ویڈیو میں دعویٰ کیا گیا کہ نئی دہلی اے آئی سمٹ میں ایک نوجوان روبوٹ کو گالی دے رہا ہے۔ تحقیق سے واضح ہوا کہ یہ ویڈیو دوبئی کے میوزیم آف دی فیوچر کا ہے اور اس میں پاکستانی ٹک ٹاکر کاشف ضمیر کو دکھایا گیا ہے

Claim :
نئی دہلی میں منعقدہ اے آئی سمٹ کے دوران بھارت کا ایک نوجوان روبوٹ کو گالی دیتے ہوئے دیکھا گیاFact :
ویڈیو نئی دہلی کا نہیں بلکہ دوبئی کے میوزیم آف دی فیوچر کا ہے، اور اس میں دکھایا گیا شخص پاکستانی ٹک ٹاکر کاشف ضمیر ہے
نئی دہلی میں اے آئی امپیکٹ چوٹی اجلاس میں بھارت میں تیار کئے گئے روبوٹس سب کی توجہ کا مرکز رہے۔ ان میں سے، کانپور کی اسٹارٹ اپ کمپنی xTerra Robotics کا روبوٹ کتے SVAN-M2 نے شرکاء کو بہت متاثر کیا۔ کمپنی کے نمائندہ نے بتایا کہ یہ پروڈکٹ آئی آئی ٹی کانپور کے طلبہ اور اساتذہ کی برسوں کی تحقیقی محنت کا نتیجہ ہے۔ اپنے لائیٹ ڈیٹیکشن اینڈ رینجنگ (LiDAR) ڈیوائس کے ذریعے اپنے ماحول کی درست 3D نمائندگی تیار کرتا ہے۔
سمٹ کے شرکاء نے اقوامِ متحدہ کے عالمی غذائی پروگرام (UNWFP) کے لئے تیار کردہ ایک روبوٹ کو خوب سراہا۔ فوڈ ویئر ہاؤسز کے لئے ڈیزائن کردہ اس روبوٹ میں پلگ اینڈ پلے انفراسٹرکچر موجود ہے، اور سینسرز کے مطابق یہ بیک وقت درجہ حرارت اور گیسوں کے اخراج کا پتہ لگا سکتا ہے، جن میں فاسفین بھی شامل ہے۔ فاسفین کا سونگھنا انسانوں کے لئے جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔ ویئر ہاؤسز میں فاسفین کو بطور فومیگینٹ استعمال کیا جاتا ہے تاکہ کیڑوں کو دور رکھا جا سکے۔
اس بیچ سوشل میڈیا پر ایک اور روبوٹ کا ویڈیو خوب وائرل ہورہا ہے۔ اس ویڈیو میں ایک طلائی زنجیر پہنے نوجوان کو روبوٹ کے ساتھ بدکلامی کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے صارفین دعویٰ [آرکائیو] کررہے ہیں کہ ' اے آئی سمٹ کے دوران' ایک نوجوان وہاں رکھے روبوٹ کے ساتھ بات چیت کے دوران بدکلامی کرنے لگا۔
وائرل پوسٹ کا لنک یہاں اور آرکائیو لنک یہاں ملاحظہ کریں۔
نوٹ: وائرل ویڈیو میں گالی کا استعمال کیا گیا ہے، لہذا، اس ویڈیو کو بغیر ہیڈ فونس یا ایئر فونس کے نہ دیکھیں۔
وائرل پوسٹ کا اسکرین شاٹ درج ذیل ہے۔
فیکٹ چیک:
تلگو پوسٹ کی فیکٹ چیک ٹیم نے وائرل پوسٹ میں کئے گئے دعوے اور ویڈیو کی جانچ پڑتال کی تو پایا کہ یہ ویڈیو نہ ہی نئی دہلی میں منعقدہ اے آئی سمٹ کا ہے اور نہ ہی یہ نوجوان بھارت کا شہری ہے۔ یہ روبوٹ دوبئی کے 'میوزیم آف دی فیوچر' کا حصہ ہے اور اسکے ساتھ بدکلامی کرنے والا شخص پاکستانی شہری ہے۔
تحقیق کا آغاز کرتے ہوئے ہم نے سب سے پہلے 'ان ویڈ' ٹول کی مدد سے وائرل ویڈیو کے کلیدی فریمس اخذ کئے اور انہیں ایک ایک کرکے گوگل ریورس امیج سرچ کے ذریعے تلاش کیا۔ نتائج میں ہمیں ایک انسٹاگرام پوسٹ ملا جس میں بتایا گیا ہیکہ ویڈیو میں دکھا گیا شخص پاکستانی ہے۔ اس پوسٹ کے کمنٹس سیکشن میں کسی صارف بتایا کہ اس شخص کا نام 'چودھری کاشف ضمیر' ہے اور یہ ایک ٹک ٹاک کنٹنٹ کریئٹر ہے۔
اس جانکاری کی مدد سے گوگل سرچ کئے جانے پر ہمیں اس شخص کا انسٹاگرام اکاونٹ ملا جس میں اس کے حالیہ دوبئی کے دورے کے علاوہ دیگر سرگرمیوں کے ویڈیوز دیکھے جاسکتے ہیں۔
حیرانی کی بات یہ ہیکہ ٹک ٹاکر نے خود یہ ویڈیو اپنے انسٹاگرام اکاونٹ پر 17 فروری کو اپلوڈ کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ، "میری بدکلامی پر خود روبوٹ بھی حیران رہ گیا۔"
حقیقی سوشل میڈیا پوسٹ کاشف ضمیر کے انسٹاگرام پر یہاں [آرکائیو] ملاحظہ کیا جاسکتا ہے۔
ماضی میں کاشف ضمیر کو اپنے ویڈیو کنٹنٹ کیلئے قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اپریل 2025 میں پاکستان کے صوبہ پنجاب کی پولیس نے پولیس کی وردی کی بے ادبی کے الزام میں انہیں گرفتار کیا تھا۔ پنجاب پولیس کی جانب سے قلعہ گجر سنگھ تھانے میں درج کی گئی ایف آئی آر میں کہا گیا تھا کہ ابتدائی ویڈیو، جو ٹک ٹاک پر پوسٹ کی گئی تھی، میں ضمیر کو ایک شادی کی تقریب میں دکھایا گیا ہے جہاں وہ پولیس کی وردی میں ملبوس ایک شخص کو پیسوں کی ٹرے دے رہا ہے۔ بعد میں اس شخص کی شناخت ڈرائیور کانسٹیبل خرم شہزاد کے طور پر ہوئی۔
اس سے قبل، عوامی مقامات پر اسلحہ دکھانے پر کاشف کو گرفتار کیا گیا تھا، جس کے بعد انہوں نے ویڈیو پیغام کے ذریعے عوامی معافی نامہ جاری کیا تھا۔ انہوں نے معافی نامے میں کہا تھا: "چند دن پہلے میرا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا، جس میں میں نے نہایت بے وقوفی سے ایک ڈالہ [پک اپ ٹرک] اور اسلحہ دکھایا، جس سے سڑکوں پر جمع لوگوں کو شدید پریشانی ہوئی اور عوام میں خوف ،کا ماحول پیدا ہوگیا تھا۔ لہذا، میں دل سے معافی مانگتا ہوں۔ آئندہ سے میں کبھی کسی ڈالہ یا اسلحے کو فروغ نہیں دوں گا، اس لئے میں سب سے معافی کا طلبگار ہوں۔"
تحقیق اور میڈیا رپورٹس سے یہ واضح ہوا کہ وائرل ویڈیو نہ تو نئی دہلی میں منعقده انڈیا اے آئی سمٹ کا منظر پیش کررہا ہے اور نہ ہی یہ شخص ہندوستانی ہے۔ پاکستانی ٹک ٹاکر کا دوبئی کے میوزم میں روبوٹ کو گالی دینے کا ویڈیو نئی دہلی کے اجلاس کے پس منظر میں فرضی دعوے کے ساتھ سوشل میڈیا پلیٹ فارمس پر پھیلایا جارہا ہے۔

