فیکٹ چیک: مولانا توقیر رضا نے گرفتاری کے بعد یوگی آدتیہ ناتھ کی کوئی تعریف نہیں کی، پرانا ویڈیو گمراہ کن دعوے کے ساتھ وائرل
سوشل میڈیا پر وائرل مولانا توقیر رضا کے ویڈیو کو شئیر کرتے ہوئے دعویٰ کیا جارہا ہیکہ انہوں نے "آئی لو محمد" مہم کے دوران تشدد کے سلسلے میں گرفتاری کے بعد پینترا بدلتے ہوئے یوگی آدتیہ ناتھ کی تعریف کردی۔ تاہم، تحقیق سے پتہ چلا کہ یہ ویڈیو جون 2022 کا ہے اور حالیہ گرفتاری سے اس کا کوئی تعلق نہیں۔

Claim :
بریلی تشدد کے سلسلے میں یوپی پولیس کی کارروائی کے بعد مولانا توقیررضا نے یوگی آدتیہ ناتھ کی ستائش کیFact :
مولانا توقیر رضا کا یوگی موافق بیان تین سال پرانا ہے اور حالیہ گرفتاری سے اس کا کوئی تعلق نہیں
اترپردیش کے ضلع بریلی کے انتظامیہ نے اتحاد ملت کونسل کے صدر مولانا توقیر رضا کو تین دہائی قبل لئے گئے قرض کی ادائیگی کی نوٹس جاری کی ہے۔ 26 ستمبر کو "آئی لو محمد" مہم کے دوران اسلامیہ میدان پر لوگوں کے اجتماع میں تشدد پھوٹ پڑنے کے بعد مولانا توقیر کو گرفتار کیا گیا۔ مقامی عدالت نے انہیں 28 اکتوبر تک عدالتی تحویل میں دیا ہے اور انہیں فتح گڑھ کی جیل میں رکھا گیا ہے۔
وائرل پوسٹ کا متن:
UP पुलिस का लट्ठ पड़ा और बदल गए तौकीर रज़ा के जज़्बात🤣
“योगी जी बहुत अच्छे आदमी हैं मोदी जी को भी उनसे सीख लेनी चाहिए
सबका साथ, सबका विकास योगी जी ने ही किया है
हमारे मतभेद हो सकते हैं, लेकिन अच्छे काम की तारीफ़ मैं ज़रूर करूँगा
लट्ठ का असर देखो — दुश्मन भी बन गया फैन
ترجمہ:
[یوپی پولیس کا ڈنڈا پڑا اور توقیر رضا کے جذبات بدل گئے "یوگی جی بہت اچھے آدمی ہیں، مودی جی کو بھی ان سے سیکھنا چاہیے۔ سب کا ساتھ، سب کا وکاس یوگی جی نے ہی کیا ہے۔ ہمارے اختلافات ہو سکتے ہیں، لیکن اچھے کام کی تعریف ضرور کروں گا۔ ڈنڈے کا اثر دیکھو، دشمن بھی شیدائی بن گیا۔]
وائرل پوسٹ کا لنک یہاں اور وائرل پوسٹ میں کئے گئے دعوے کا اسکرین شاٹ یہاں ملاحظہ کریں۔
:فیکٹ چیک
تلگو پوسٹ کی فیکٹ چیک ٹیم نے وائرل پوسٹ میں کئے گئے دعوے کی جانچ پڑتال میں پایا کہ مولانا توقیر کی زبانی اترپردیش کے وزیراعلیٰ کی ستائش کا یہ ویڈیو انکی گرفتاری کے بعد کا نہیں بلکہ جون 2022 میں منعقده ایک پریس کانفرنس کا ہے۔
سب سے پہلے ہم نے مولانا توقیر رضا کے وائرل ویڈیو میں دئے گئے بیان کے کلیدی کیورڈس کی مدد سے گوگل سرچ کیا تو ہمیں انکی گرفتاری کے بعد حالیہ دنوں میں ایک بھی میڈیا رپورٹ یا یوٹیوب ویڈیو نہیں ملا جس میں یہ اہم خبر شامل کی گئی ہے۔
پھر ہم نے وائرل ویڈیو کے کلیدی فریمس کی مدد سے گوگل سرچ کیا تو 20 جون 2022 میں 'یو پی تک' نامی ہندی نیوز پورٹل پر شائع شدہ ایک رپورٹ پر ہماری نظر پڑی جس میں بتایا گیا کہ پیغمبر اسلام محمد صلی اللہ علیہ وصلعم سے متعلق متنازعہ تبصرہ کی مخالفت میں اسلامیہ کالج گراونڈ میں اتحاد ملت کونسل کے صدر مولانا توقیر رضا نے اپنے خطاب کے دوران مسلسل وزیراعظم نریندر مودی کو ہدف تنقید بنایا۔ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی تعریف کرتے ہوئے توقیر رضا نے کہا کہ وزیر اعلی نے راج دھرم کی پیروی کی ہے۔
" یوگی سب سے زیادہ ناپسند تھے مودی سے، لیکن وزیراعلیٰ نے کئی مواقع پر راج دھرم کی پیروی کی ہے۔"
اس اجلاس کے بعد مولانا رضا نے ایک میڈیا کانفرنس سے گفتگو کے دوران کہا کہ "نریندر مودی کو یوگی حکومت سے ترغیب حاصل کرنی چاہئے کہ راج دھرم کیسے نبھایا جاتا ہے۔ سب کا ساتھ سب کا وکاس کی مودی بات کرتے ہیں لیکن میں اپنی ریاست کی بہتری کا کام کرنے والی کی تعریف ضرور کروں گا، لیکن یوگی آدتیہ ناتھ سے میرے اختلافات اپنی جگہ ہیں۔"
مولانا توقیر نے آئی اے این ایس سے 27 جولائی 2024 کو ایک خصوصی گفتگو میں بھی یہ بات دوہراتے ہوئے کہا تھا کہ ''اگر کچھ معاملوں کو نظرانداز کرکے بات کریں تو میں یہ سمجھتا ہوں کہ یوگی آدتیہ ناتھ 'راج دھرم' کی پیروی کر رہے ہیں اور کرتے آئے ہیں۔ میں بار بار یہ کہتا ہوں کہ 'راج دھرم' کی پیروی کرنا آپ کی ذمہ داری ہے۔ آپ ہندو، مسلمان، دلت سب کے وزیر اعلیٰ ہیں۔ آپ کو سب کے ساتھ برابر سلوک کرنا چاہیے۔''
تحقیق سے یہ واضح ہوگیا کہ مولانا توقیر نے ماضی میں یوگی آدتیہ ناتھ کے کچھ اہم فیصلوں کی تعریف کی تھی۔ لیکن حالیہ دنوں میں ستمبر میں بریلی میں ہوئے تشدد کے واقعے کے سلسلے میں انکی گرفتاری کے بعد سے مولانا نے ایسا کوئی بیان نہیں دیا ہے۔ حالیہ وقعات کے تناظر میں انکے پرانے بیان کو گمراہ کن دعوے کے ساتھ دوبارہ شئیر کیا جارہا ہے۔

