فیکٹ چیک: لیتھوانیا کے یوٹیوبر کے 'جعلی' 20 یورو سے بھارت میں رقم ایکسچینج کرنے کا ویڈیو گمراہ کن دعوے کے ساتھ وائرل
لیتھوانیا یوٹیوبر کے جعلی یورو استعمال کرنے کا دعویٰ فرضی ہے۔ اس نے وضاحت کی کہ یہ محض ایک مذاق تھا

Claim :
غیر ملکی سیاح بھارتیوں کو دھوکہ دیتے ہوئے پکڑا گیا۔ 20 یورو کی جعلی نوٹ دیکر 1,960 روپئے ایکسچینج کئےFact :
وائرل ویڈیو میں جعلی یورو استعمال کرنے کا دعویٰ درست نہیں ہے۔ یوٹیوبر نے کمنٹس میں خود وضاحت کی کہ یہ بات محض مذاق کے طور پر کہی گئی تھی
چند ہفتوں قبل، دہلی پولیس نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے جعلی نوٹ (فیک انڈین کرنسی نوٹ) کے ایک گروہ کو بے نقاب کیا- یہ ٹولی دہلی اور پڑوسی ریاستوں میں جعلی نوٹوں کا چلن کرتی ہوئی پکڑی گئی۔ پولیس نے 50 سالہ راکیش اروڑہ، ہم عمر روی اروڑا اور 32 سالہ وویک کمار موریہ کو گرفتار کیا۔
پولیس کے مطابق، موریہ ایسی جعلی نوٹ چھاپنے کا ماہر تھا کہ کوئی بھی شخص دھوکہ کھا سکتا ہے۔ یہ روزانہ تقریباً 40 نوٹ تیار کرتا تھا۔ چھاپہ مار کارروائی کے دوران پولیس نے 3.24 لاکھ روپئے کی مالیت کے مختلف جعلی نوٹوں کے گٹھے برآمد کئے۔ اسکے علاوہ، پرنٹرز، کیمیکلز اور اسٹامپ پیپر جیسی پیپر شیٹس بھی ضبط کی گئیں۔
اس درمیان، سوشل میڈیا پر ایک غیرملکی سیاح کا ولاگ وائرل شئیر کرتے ہوئے صارفین دعویٰ کررہے ہیں کہ "میاٹ شو" نامی لیتھوانیا کا سیاح اور یوٹیوبر نے ایک دکاندار کو مبینہ طور پر 20 یورو کا جعلی نوٹ دے کے بھارتی کرنسی میں 1,960 روپئے کی رقم حاصل کی۔ افسوس کی بات ہیکہ زرمبادلہ کے دکاندار نے بھی اس بیرون ملکی نوٹ کو نہیں پرکھا۔"
اس وائرل ویڈیو [آرکائیو] میں دیکھا جاسکتا ہیکہ غیر ملکی سوشل میڈیا انفلوئنسر میاٹ شو یہ بتارہا ہیکہ بھارت میں کسی بھی دکان میں کیسے غیرملکی نوٹ دیکر مقامی کرنسی حاصل کی جاسکتی ہے۔ ویڈیو میں پہلے سیاح سڑک کنارے بیٹھے 'کٹے پھٹے جلے نوٹ بدلے جاتے ہیں' بورڈ والے ہاکر سے کہتا ہیکہ اسے 20 یورو کے بدلے انڈین کرنسی کے نوٹ چاہئے۔ وہ آدمی قریب میں زرمبادلہ کے ایک دکاندار کو یہ غیر ملکی کرنسی دیکر اس کے بدلے انڈین کرنسی دینے کی درخواست کرتا ہے۔ وہ دکاندار کیلکولیٹر پر دکھاتا ہیکہ آج کے زرمبادلہ کی شرح کے مطابق، یوٹیوبر کو20 یورو کے بدلے 1,960 روپئے ملیں گے۔ میاٹ شو انڈین کرنسی نوٹ لیکر ناظرین کو کیمرے پر بتاتا ہیکہ، ' پیسے بچانے کا ایک بہترین طریقہ یہ ہیکہ وہ بھارت میں جعلی یورو کے نوٹ ایکسچینج کرتا ہے اور لوگوں کو اصلی یورو اور جعلی یورو میں فرق بھی نہیں معلوم ہے اور ایک یہ بہترین لائف ہیک ہے۔'
وائرل پوسٹ کا لنک یہاں اور آرکائیو لنک یہاں ملاحظہ کریں۔
وائرل پوسٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیکھیں۔
فیکٹ چیک:
تلگو پوسٹ کی فیکٹ چیک ٹیم نے وائرل پوسٹ میں کئے گئے دعوے کی جانچ پڑتال میں پایا کہ صارفین نے گمراہ کن دعوے کے ساتھ اس ویڈیو کو شئیر کیا ہے۔ اس ویڈیو کو اپلوڈ کرتے ہوئے یوٹیوبر نے واضح کردیا ہیکہ وہ مذاق تھا۔
جب ہم نے وائرل ویڈیو میں کئے گئے دعوے کی تحقیق کا آغاز کیا تو ہمیں اس وائرل پوسٹ پر 'ریڈیٹ' پلیٹ فارم پر ایک مباحثہ ملا جس میں مختلف صارفین نے کہا ہیکہ یوٹیوبر نے مزاحیہ طور پر 'جعلی یورو' استعمال کرنے کی بات کہی ہے۔ زیادہ صارفین کا کہنا ہیکہ سوشل میڈیا پر ویوز اور تبصرے حاصل کرنے کیلئے یوٹیوبر نے یہ ترکیب استعمال کیا ہے۔ دیگر نے کہا کہ یوٹیوبر ایسا نہیں کرسکتا کیوں کہ غیرملکی جعلی کرنسی رکھنے پر اسے جیل بھی ہوسکتی ہے۔
ان میں سے ایک صارف نے بتایا کہ یوٹیوبر نے اپنے ویڈیو میں واضح کردیا کہ اس نے کوئی جعلی یورو کرنسی استعمال نہیں کی۔ اس نے تو صرف مذاق میں ایسا کہا تھا۔ گوگل سرچ کرنے پر ہمیں 'میاٹ شو ولاگس' نامی یوٹیوب چینل پر 7 دسمبر 2025 کو اپلوڈ کیا گیا اصلی ویڈیو ملا۔ ویڈیو کے کمنٹس سیکشن میں میاٹ شو وضاحت دی ہیکہ " ظاہر ہے، یہ ایک مذاق تھا۔"
ہمیں TheMattSHoe نامی یوٹیوبر کے سوشل میڈیا اکاونٹس پر جعلی یورو ایکسچینج ویڈیو کے تنازعے کے تعلق سے کوئی تصدیق شدہ یا وضاحتی بیان یا ردعمل موجود نہیں ملا۔ چند صارفین نے یوٹیوبر کے خلاف دہلی پولیس سے شکایت کا بھی دعویٰ کیا ہے تاہم ہمیں پولیس یا معروف میڈیا کے حوالے سے اس ضمن میں کوئی جانکاری نہیں ملی۔ لہذا، وائرل پوسٹ میں لیتھوانیا کے یوٹیوبر دی میاٹ شو کی جانب سے مبینہ طور پر 'جعلی یورو' استعمال کرکے بھارتیوں کو ٹھگنے کا دعویٰ گمراہ کن پایا گیا۔

