فیکٹ چیک: کیا کرکٹر رویندر جڈیجہ نے دیوالی پر آگ کی چھڑی کا کرتب دکھایا، جانئے پوری حقیقت
دیوالی کے موقع پر آگ کی چھڑی سے کرتب دکھانے والے نوجوان کا ویڈیو شئیر کرتے ہوئے دعویٰ کیا گیا کہ یہ معروف کرکٹر رویندر جڈیجہ ہیں۔ تاہم تحقیق سے ثابت ہوا کہ ویڈیو میں نظر آنے والا شخص دراصل گجرات کا اسٹریٹ پرفارمر راہول چوسلہ ہے

Claim :
دیوالی کے موقع پرمعروف کرکٹر رویندر جڈیجہ نے آگ کی چھڑی کو تلوار کی طرح گھما کر کرتب دکھایاFact :
ویڈیو میں دکھایا گیا نوجوان رویندر جڈیجہ نہیں بلکہ سورت کا اسٹریٹ پرفارمر راہول چوسلہ ہے
گذشتہ دیوالی کے دوران بھارت میں پٹاخوں کے غیرمعمولی استعمال کا ایک خطرناک رجحان سامنے آیا ہے۔ چند ویڈیوس میں نوجوانوں کو سوشل میڈیا پر مقبول ہونے کے لئے جان لیوا کرتب جیسے چلتی گاڑیوں سے پٹاخے چھوڑنا، جسم پر دھماکہ خیز مواد باندھنا، اور گھریلو کاربائیڈ گنز کا استعمال کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
ان ویڈیوس میں حکام کی جانب سے دیوالی کو محفوظ اور ذمہ داری سے منانے کی اپیل کے باوجود ہدایات کی خلاف ورزیوں کی وجہ سے صرف مدھیہ پردیش میں 120 سے زائد بچوں کو آنکھوں کے اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ بتایا جاتا ہیکہ کاربائیڈ گنس کے غلط استعمال کے سبب کم از کم 14 بچوں کی بینائی چلی گئی۔
اسی دوران، سوشل میڈیا پر آگ کی چھڑی سے سر راہ کرتب دکھانے والے ایک نوجوان کا ویڈیو شئیر کرتے ہوئے دعویٰ کیا جارہا ہیکہ معروف کرکٹر رویندر جڈیجہ نے حالیہ دیوالی کا جشن اپنے مخصوص انداز میں منایا۔ ایکس پر اس ویڈیو کو شئیر کرتے ہوئے ایک صارف نے لکھا۔ "کرکٹ کے میدان میں اپنی بلے بازی کا جلوہ دکھانے والے سر #جڈیجہ کا #دیوالی کے موقع پر بےمثال انداز۔ #رویندر_جڈیجہ کی تلوار بازی بلّے کو ہوا میں گھما کر نصف سنچری یا سنچری مکمل کرنے کا ان کا ٹریڈ مارک جشن ہے۔"
وائرل پوسٹ کا لنک یہاں اور آرکائیو لنک یہاں دیکھیں۔
وائرل پوسٹ کے متن کا اسکرین شاٹ نیچے ملاحظہ کریں۔
فیکٹ چیک:
تلگو پوسٹ کی فیکٹ چیک ٹیم نے اپنی جانچ پڑتال میں پایا کہ وائرل ویڈیو میں آگ کی چھڑی سے کرتب کرنے والا نوجوان کرکٹر رویندر جڈیجہ نہیں بلکہ ایک سوشل میڈیا انفلوئنسر ہے جس نے دیوالی تہوار کے موقع پر یہ اسٹنٹ کیا تھا۔
ہم نے اس دعوے کی سچائی جاننے کیلئے سب سے پہلے وائرل ویڈیو کے کلیدی فریمس اخذ کئے اور انکی مدد سے گوگل ریورس امیج سرچ کیا۔ نتائج میں ہمیں مخلتف ویڈیوس ملے جن میں سے یوٹیوب ویڈیو
بھی شامل تھا جس کا بیک گراونڈ، وائرل ویڈیو کے منظرنامہ سے میل کھاتا ہے لیکن نوجوان کے لباس کا رنگ مختلف ہے۔ یہ ویڈیو 23 اکتوبر 2025 کو 'راہول چوسلہ لکڑی لور' نامی یوٹیوب چینل پر اپلوڈ کیا گیا تھا۔
اس یوٹیوب ویڈیو پر ہمیں وائرل ویڈیو کلپ کا حقیقی ویڈیو ملا۔ اس چینل پر راہول کے مختلف شہروں اور پروگراموں میں چھڑیوں سے کئے گئے مخصوص کرتبوں کے ویڈیوز موجود ہیں۔ اوریجنل ویڈیو 21 اکتوبر کو اپلوڈ کیا گیا ہے۔
راہول کا انسٹاگرام اکاونٹ بھی ہے جہاں وہ اسٹنٹوں کے علاوہ دیگر شخصیتوں سے اپنی ملاقات اور تہنیتی پروگراموں میں شرکت کے ویڈیوس شئیر کرتے ہیں۔
خبررساں ادارہ اے این آئی کے مطابق،: "ورلڈ ریکارڈز کمیونٹی - انڈیا نے سورت، گجرات کے رہائشی راہول کڈوا بھائی چوسلا کو چھڑی گھمانے کے روایتی فن میں دو عالمی ریکارڈ قائم کرنے پر باضابطہ طور پر تسلیم کرلیا ہے۔ یہ اسناد بھارت کی ریکارڈ تاریخ میں ایک شاندار اضافہ ہیں اور مقامی ہنر اور روایتی فنون کی عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی پہچان کو اجاگر کرتی ہیں۔
چوسلہ کے درج ذیل کارناموں کی وجہ سے انہیں اعزاز دیا گیا ہے:
- دونوں ہاتھوں سے (دو 5.5 فٹ، 1.5 کلوگرام وزنی چھڑیاں) 184 بار چھڑیوں کا گھمانا
- ایک ہاتھ سے (ایک 5.5 فٹ، 1.5 کلوگرام وزنی چھڑی) 111 بار چھڑی کا گھمانا ۔"
تحقیق سے ثابت ہوا کہ وائرل ویڈیو میں بیچ سڑک پر آگ کی چھڑیاں گھمانے والا نوجوان کرکٹر رویندر جڈیجہ نہیں سورت شہر کا راہول چوسلہ ہے جو روایتی انداز میں چھڑیوں کو گھمانے کے معاملے میں دو عالمی ریکارڈس اپنے نام کئے ہیں۔ لہذا، وائرل ویڈیو میں راہول چوسلہ کا ویڈیو دکھاکر اسے جڈیجہ کے نام منسوب کرکے گمراہ کن دعویٰ کیا گیا ہے۔

