فیکٹ چیک: آسام کے ٹی وی سیرئیل بہار باری آوٹ پوسٹ کی شوٹنگ کا ویڈیو یو پی پولیس کی کارروائی کے فرضی دعوے کے ساتھ وائرل
وائرل ویڈیو میں دعویٰ کیا گیا کہ اتر پردیش پولیس نے ساڑی پہن کر عورت کا بھیس اختیار کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا۔ تاہم، تحقیق سے پتہ چلا کہ اس ویڈیو میں آسام کے ٹی وی سیرئیل بہارباری آؤٹ پوسٹ کی شوٹنگ کی جھلکیاں دکھائی گئی ہیں

Claim :
یو پی پولیس نے عورت کا بھیس اختیار کرکے منچلوں کو دھر دبوچاFact :
وائرل ویڈیو میں آسام کے ٹی وی سیرئیل میں منچلے کے خلاف پولیس کی کارروائی دکھائی گئی ہے
اتر پردیش میں خواتین کو جنسی ہراسانی سے بچانے کے مقصد سے قائم کی گئی "اینٹی رومیو ٹیمیں" سرگرمی سے اپنا کام انجام دے رہی ہیں۔ لیکن خواتین کے خلاف بڑھتے ہراسانی کے معاملوں کے بعد وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے پولیس محکمہ کو تمام اضلاع میں مزید فعال ہونے کی ہدایت دی۔
بھارتیہ جنتا پارٹی حکومت کی جانب سے 2017 میں قائم کردہ اینٹی رومیو ٹیمیں کالجوں کے باہر طالبات کو ہراساں کرنے والے لڑکوں کو دھردبوچتی ہے۔
ان دنوں پولیس کی کارروائی کا ایسا ہی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے اور صارفین اسے شئیر کرتے ہوئے دعویٰ کررہے ہیں کہ "اتر پردیش کی پولیس نے ساڑی پہن کرعورت کا بھیس اختیار کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا ہے۔"
وائرل پوسٹ کا لنک یہاں اور اسکرین شاٹ نیچے ملاحظہ کریں۔
فیکٹ چیک:
تلگو پوسٹ کی فیکٹ چیک ٹیم نے وائرل پوسٹ میں کئے گئے دعوے کی جانچ میں پایا کہ وائرل ویڈیو دراصل آسام کے ٹی وی شو کے شوٹنگ کی جھلکیاں ہے جسے گمراہ کن دعوے کے ساتھ پیش کیا جارہا ہے۔
اپنی تحقیق کا آغاز کرنے سے پہلے ہم نے ایک وائرل ویڈیو کے تبصروں پر نظر ڈالی۔ چند صارفین نے اپنے کمنٹس میں مہاراشٹرا پولیس کی تعریف کی تو کچھ نے اسے کرائم پیاٹرول ٹی وی شو کی شوٹنگ قراردیا۔ ان کمنٹس میں ایک 'دیجو گپتا' نامی یوزر نے بتایا کہ یہ ویڈیو کلپ آسام کے ٹی وی شو 'بہارباری آوٹ پوسٹ کا ہے۔'
اس جانکاری اور وائرل ویڈیو کے کلیدی فریمس کی مدد سے ہم نے گوگل ریورس امیج سرچ کیا۔ جو نتائج ملے ان میں 'بدیت سرم ولاگس' نامی یوٹیوب چینل پر ایک ویڈیو ملے جس کے مناظر وائرل ویڈیو سے پوری طرح میل کھاتے ہیں۔
بدیت سرما کے یوٹیوب چینل پر ہمیں اس وائرل ویڈیو کی ایک اور کلپ ملی جس میں شوٹنگ سین قدرے طویل ہے۔ اور اسکی مدد سے ہمیں یہ طئے کرنے میں مدد ملی کہ یہ شوٹنگ لوکیشن آسام کے شہر گوہاٹی کے 'زو روڈ' کا ہے۔ گوگل میاپس پر یہاں سیرئیل کی شوٹنگ کا لوکیشن [مئی 2023 کی تصویریں] دیکھ سکتے ہیں۔
ایسا معلوم ہوتا ہیکہ رینگونی ٹی وی پر نشر کیا جانے والا 'بہارباری آوٹ پوسٹ' ٹی وی سیرئیل عوام میں کافی مقبول ہے۔ بہت جلد یہ ٹی وی سیرئیل اپنی ساڑھے تین ہزار ویں قسط کا سنگ میل طئے کرنے جارہا ہے۔
تحقیق سے یہ واضح ہوگیا کہ وائرل ویڈیو کلپ اترپردیش کی پولیس کا سڑکوں پر لڑکیوں اور خواتین کو چھیڑنے والے منچلے نوجوانوں کے خلاف کارروائی کا نہیں بلکہ آسام کے معروف ٹی وی شو 'بہارباری آوٹ پوسٹ' ٹی وی سیرئیل کی آوٹ ڈور شوٹنگ کا ہے۔ لہذا، وائرل پوسٹ میں کیا گیا دعویٰ فرضی پایا گیا۔

